آئی اے ای اے کی ایران پر امریکی حملوں کے بعد تابکاری نہ پھیلنے کی تصدیق، ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے تابکاری نہ پھیلنے کی تصدیق کرتے ہوئے پیر کو بورڈ آف گورنرز کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ فی الحال فردو، اصفہان اور نطنز میں امریکی حملوں کے بعد ایران سے باہر تابکاری کی سطح میں کسی قسم کے اضافے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ایجنسی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ایران کی تین جوہری تنصیبات، جن میں فردو بھی شامل ہے، پر حملوں کے بعد آئی اے ای اے تصدیق کرتا ہے کہ اب تک ایران سے باہر تابکاری کی سطح میں کسی اضافے کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے۔
مزید کہا گیا کہ جیسے جیسے صورتحال سے متعلق مزید معلومات دستیاب ہوں گی، ایران میں ہونے والی پیش رفت پر مزید تجزیے فراہم کیے جائیں گے۔
آئی اے ای اے کا ہنگامی اجلاس طلب
بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر پیر کے روز بورڈ آف گورنرز کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے باعث وہ بورڈ آف گورنرز کا ہنگامی اجلاس بلا رہے ہیں۔
ایران کی عوام کو تابکاری کے خطرات سے متعلق ایک بار پھر تسلی
ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے نائب سربراہ اور نیشنل نیوکلیئر سیفٹی سسٹم سینٹر کے سربراہ رضا کاردان نے کہا ہے کہ امریکی فضائی حملوں کا نشانہ بننے والی جوہری تنصیبات اور مقامات کے باہر کسی قسم کی تابکاری یا جوہری آلودگی ریکارڈ نہیں ہوئی۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق کاردان نے کہا کہ عوام کی صحت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی اور تمام ضروری حفاظتی اقدامات بھی کیے گئے تھے۔
ایجنسی کے مطابق آج صبح جوہری تنصیبات پر ہونے والے ان مجرمانہ حملوں کے باوجود، ان پیشگی اقدامات کی بدولت ان مقامات کے باہر تابکاری یا جوہری آلودگی کی کوئی نشاندہی نہیں ہوئی۔
رضا کاردان نے مزید کہا کہ لوگ ان علاقوں میں اپنی روزمرہ کی زندگی بغیر کسی تشویش کے جاری رکھ سکتے ہیں۔
ایران پر حملوں کے بعد بھی تابکاری کی سطح معمول پر ہے، کویت
دوسری جانب، کویت کی نیشنل گارڈ نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد ملک میں تابکاری کی سطح میں کسی قسم کے اضافے کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
اپنے بیان میں نیشنل گارڈ کا کہنا تھا کہ شیخ سالم العلی کیمیکل ڈیفنس اینڈ ریڈی ایشن مانیٹرنگ سینٹر نے کویتی فضائی حدود اور پانیوں میں تابکاری کی سطح کا معائنہ کیا، تاہم کسی بھی غیر معمولی اضافے کی اطلاع نہیں ملی اور صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے۔













لائیو ٹی وی