خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران حادثات میں 6 افراد جاں بحق
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں تین روز کے دوران بارشوں، تیز آندھی کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، بارش اور آندھی کے باعث مجموعی طور پر سات گھروں کو نقصان پہنچا،پانچ جزوی اور دو مکمل طور پر منہدم ہوئے۔
ڈان نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں بارش،آسمانی بجلی اور دیواریں گرنے کے باعث صوبہ میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 20 جون سے اب تک ہونے والی بارشوں، تیز آندھی کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 6 افراد جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
جاں بحق افراد میں 3 مرد ، ایک خاتون اور 2 بچے، جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔
بارش اور آندھی کے باعث مجموعی طور پر 7 گھروں کو نقصان پہنچا، 5 گھر جزوی اور 2 مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات صوبے کے مختلف اضلاع مانسہرہ، بونیر دیر لوئر اور اپر، ملاکنڈ، کوہستان کولائی پالس میں پیش آئے۔