ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

شائع June 24, 2025
— فائل فوٹو: کینوا
— فائل فوٹو: کینوا

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس 6 ہزار 79 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 22 ہزار کی حد بھی عبور کرگیا۔

رات گئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ پر اتفاق کے اعلان کے بعد منگل کو کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے آغاز پر اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔

مارکیٹ کھلتے ہی سرمایہ کاروں کی زبردست دلچسپی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس 5 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اسٹاک مارکیٹ میں صبح 11 بج کر 29 منٹ پر بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس میں 5 ہزار 878 پوائنٹس یا 5.06 فیصد اضافے کے بعد کاروبار روک دیا گیا، اس موقع پر انڈیکس ایک لاکھ 21 ہزار 958 کی سطح پر موجود تھا۔

وقفے کے بعد بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور 12 بجکر 34 منٹ پر 6 ہزار 557 پوائنٹس یا 4.71 فیصد کے اضافے سے ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 22 ہزار 725 کی سطح پر پہنچ گیا۔

تاہم، کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 6 ہزار 79 پوائنٹس یا 5.23 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 22 ہزار 246 پر پہنچا، جو گزشتہ روز ایک لاکھ 16 ہزار 167 پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب، ایران، اسرائیل کشیدگی میں کمی کے بعد عالمی مارکیٹ تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈبلیو ٹی آئی کی فی بیرل قیمت 2.91 ڈالر یا 4.25 فیصد کی کمی کے بعد 65.60 ڈالر پر پہنچ گئی ہے جبکہ برنٹ کروڈ کی قیمت میں 2.94 یا 4.11 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

واضح رہے کہ ایران پر امریکی حملے کے بعد گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں زبردست کمی دیکھنے میں آئی تھی جبکہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا تاہم گزشتہ روز قطر اور عراق میں امریکی اڈوں پر ایران کے جوابی حملوں کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں 5 فیصد کمی آگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025