• KHI: Partly Cloudy 26.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.4°C
  • ISB: Cloudy 15.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.4°C
  • ISB: Cloudy 15.6°C

امریکی سرمایہ کار مشترکہ منصوبوں کے ذریعے معدنی وسائل دریافت کریں، وفاقی وزیر توانائی

شائع June 26, 2025
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کی توثیق کی — فوٹو: پی ٹی وی ورلڈ
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کی توثیق کی — فوٹو: پی ٹی وی ورلڈ

وفاقی وزیر برائے توانائی علی پرویز ملک نے امریکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے وسیع معدنی وسائل کو عوامی و نجی شراکت داری اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دریافت کریں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ’پاکستان کے معدنی شعبے میں مواقع، معدنی صلاحیت کو کھولنے‘ کے عنوان سے ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ملک کے معدنی وسائل کو اجاگر کیا جن میں سونا، تانبہ، کوئلہ، نایاب زمینی عناصر اور دیگر اہم معدنیات شامل ہیں، جو عالمی توانائی کی منتقلی کے لیے نہایت اہم ہیں۔

یہ تقریب وزارت توانائی اور پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے اشتراک سے منعقد کی گئی تاکہ ملک کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔

علی پرویز ملک نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) بین الاقوامی کمپنیوں کو پاکستان کے معدنی ذخائر کو استعمال کرنے میں مکمل سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے صاف توانائی کی طرف عالمی تبدیلی میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار پر زور دیا اور کہا کہ ملک کے پاس اہم معدنیات کے وافر ذخائر موجود ہیں، جو سبز توانائی کی منتقلی کو ممکن بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ قابل تجدید توانائی کی ترقی ہمارے ماحولیاتی اہداف اور اقتصادی مستقبل کا مرکزی حصہ ہے، ہم ضروری معدنیات کی کان کنی کو فروغ دے کر اور کاروباری آسانی کو بہتر بنا کر اس تبدیلی کو سہارا دے رہے ہیں۔

وزیر توانائی نے تانبے اور سونے کے ذخائر سے لبریز ریکوڈک منصوبے کی بین الاقوامی اہمیت کو اجاگر کیا، ساتھ ہی بلوچستان کے ضلع چاغی اور خیبرپختونخوا کے وزیرستان علاقے میں حالیہ دریافتوں کا بھی حوالہ دیا۔

علی پرویز ملک نے رواں سال کے اوائل میں منعقدہ ’پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 (پی ایم آئی ایف 25)‘ کی کامیابی کو سراہا، جس میں 5 ہزار سے زائد شرکا نے شرکت کی اور عالمی سطح پر توجہ حاصل کی، انہوں نے کہا کہ پی ایم آئی ایف 25 ایک اہم موڑ ثابت ہوا، جس نے پاکستان کو عالمی معدنی معیشت میں ایک سنجیدہ کھلاڑی کے طور پر پیش کیا۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معدنیات کے شعبے میں بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے، ریکوڈک میں دنیا کے سب سے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں سے ایک موجود ہے اور اقتصادی اصلاحات کے عزم کے ساتھ، یہ امریکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے۔

نیٹلی بیکر نے پاکستان کے حالیہ پالیسی اقدامات کا خیر مقدم کیا جو اس شعبے کی صلاحیت کو کھولنے کے لیے کیے گئے ہیں، اور امریکی سفارت خانے کی جانب سے امریکی کاروباروں کی مدد جاری رکھنے کا عہد دہرایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم رابطے قائم کرنے اور مفید شراکت داریاں بنانے کے لیے یہاں موجود ہیں، امریکی سرمایہ کار طویل عرصے سے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرتے رہے اور ہم اس شعبے میں بہت زیادہ امکانات دیکھتے ہیں۔

انہوں نے اختتام پر کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، ہم پاکستان کی صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں اور اس کے جامع و پائیدار ترقی کے سفر میں مشترکہ مواقع دیکھتے ہیں۔

یہ ویبینار آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے مرکزی دفتر سے براہ راست نشر کیا گیا اور اس میں وزارت توانائی کے سینئر حکام، نمایاں معدنیات و توانائی کمپنیاں، ایس آئی ایف سی کے نمائندگان، امریکی سفارت کار، اور توانائی شعبے کے دیگر اسٹیک ہولڈرز شریک ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025