کراچی میں آج بھی بادل جم کر برسیں گے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی جم کر بادل برسنے کی پیش گوئی کردی، گزشتہ رات مون سون کی پہلی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، سب سے زیادہ 17 ملی میٹر بارش گلشن حدید میں ریکارڈ کی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں گزشتہ رات کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مختلف علاقوں میں رات گئے بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے، سب سے زیادہ بارش 17 ملی میٹر بارش گلشن حدید میں ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح شاہراہ فیصل پر 12 ملی میٹر، اولڈ سٹی ایریا میں 9 ملی میٹر، ڈیفنس فیز 2 میں 7.8 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 5 ملی میٹر اور یونیورسٹی روڈ پر 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی بادل جم کر برسیں گے، آج شام سے وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ہفتے اور اتوار کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اور بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل 2 جولائی تک بادل برسائے گا جبکہ مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل 5 جولائی سے ملک پر اثرانداز ہو گا۔













لائیو ٹی وی