صدر مملکت نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج ڈکلیئر کر دیا
صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج ڈکلیئر کر دیا، جسٹس سرفراز ڈوگر اور دیگر 2 ججز کا تبادلہ بھی مستقل قرار دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے تبادلے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج ڈیکلیئر کر دیا۔
صدر مملکت نے جسٹس سرفراز ڈوگر اور دیگر 2 ججز کے تبادلوں کو بھی مستقل قرار دے دیا ہے، سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ ججز کی سینیارٹی کے تعین کا معاملہ صدر مملکت کو بھیجا تھا۔
صدر مملکت نے تعین کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی لسٹ جاری کر دی، سنیارٹی لسٹ کے مطابق ٹرانسفر ہونے والے جسٹس سرفراز ڈوگر سینئر ترین جج ہوں گے، جسٹس خادم حسین سومرو 9 ویں نمبر پر جب کہ جسٹس آصف 11 ویں نمبر کے جج ہوں گے۔
ججز کی سنیارٹی کے تعین اور عارضی یا مستقل ٹرانسفر کا معاملہ صدر مملکت کو بھیجا گیا تھا ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔
واضح رہے کہ 19 جون کو سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے 3 ججز کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ آئینی و قانونی قرار دیتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ججز کی جانب سے دائر کردہ درخواستیں مسترد کردی تھیں۔
عدالت نے 3، 2 کے تناسب سے جاری کردہ مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ ججز کا تبادلہ غیر آئینی نہیں ہے۔
سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بینچ کے جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس صلاح الدین پنہورنے اکثریتی فیصلے میں کہا تھا کہ صدر پاکستان کو آرٹیکل دو سو کے تحت ہائیکورٹ کے جج کو ایک عدالت سے دوسری عدالت میں منتقل کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
فیصلے مزید کہا گیا تھا کہ یہ اختیار آرٹیکل ایک سو پچھتر کے تحت ججوں کی تقرری سے بالکل الگ ہے اور دونوں ایک دوسرے کو کالعدم نہیں کرتے، منتقلی کو تقرری سمجھنا آئین کی روح کے منافی ہے۔












لائیو ٹی وی