مظفر گڑھ کے سرکاری ہسپتال میں مبینہ غلط انجکشن لگنے سے 7 سالہ بچی جاں بحق
مظفرگڑھ کے سرکاری ہسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے 7 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی، واقعے کے بعد ڈاکٹر اور ڈسپنسر کیخلاف مقدمہ درج کرکے ڈسپنسر کو گرفتار کرلیا گیا،محکمہ صحت نے بھی معاملے کی تحقیقات شروع کردیں۔
مظفرگڑھ کے نواحی علاقے رنگپور میں بچی نور کو پیٹ میں درد کے باعث دیہی مرکز صحت میں لایا گیا تھا،بچی کے والد عمران کے مطابق ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر مبشر یونس اور ڈسپنسر عامر نے ان کی بیٹی کو مبینہ طور پر غلط انجکشن لگایا،انجکشن لگنے کے بعد بچی کی حالت بگڑگئی اور وہ دم توڑ گئی۔
گزشتہ رات پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ بچی کے والد کی مدعیت میں سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹر اور ڈسپنسر کیخلاف تھانہ رنگپور میں درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے کے اندراج کے بعد ہسپتال کے ڈسپنسر عامر کو گرفتار کرلیا گیا ہے ڈاکٹر مبشر یونس کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں.ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قرۃ العین میمن نے بھی واقعے کا نوٹس لیکر اسے افسوسناک قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے محکمہ صحت کی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے،،واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔













لائیو ٹی وی