دھابیجی پمپنگ اسٹیشن 4 دن سے بجلی سے محروم، کراچی میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا
پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنے والے متعدد علاقوں کے رہائشیوں کو معمول کے مطابق پانی کی فراہمی کے لیے مزید چند دن انتظار کرنا پڑے گا، کیوں کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے ایک پمپنگ ہاؤس کو بجلی کی فراہمی تاحال بحال نہیں ہو سکی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 3 روز قبل پمپنگ اسٹیشن پر بڑے پیمانے پر بجلی کے تعطل کے باعث شہر میں شدید پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً ہر علاقے کے نلکے خشک ہو چکے ہیں۔
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بڑے پیمانے پر بجلی کے تعطل کے بعد شہر کو روزانہ 350 ملین گیلن سے زائد پانی کی کمی کا سامنا ہے، جب کہ شہر کو صرف تقریباً 650 ملین گیلن پانی ہی مل رہا ہے، حالاں کہ اس کی یومیہ ضرورت ایک ہزار 250 ملین گیلن ہے۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو ایس سی) کے ترجمان نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر واقع ایک پمپنگ ہاؤس، جسے کے تھری پمپنگ ہاؤس کہا جاتا ہے، اس کے 2 فیڈرز گزشتہ 96 گھنٹوں سے بند ہیں۔
زیر زمین کیبل میں خرابی برقرار
کے-الیکٹرک نے بجلی کی بندش کو زیر زمین کیبل کی خرابی سے جوڑا ہے، اور کہا ہے کہ مرمت کے کام میں جمع شدہ بارش کا پانی رکاوٹ بن رہا ہے، پانی نکل جانے کے بعد بجلی بحال کر دی جائے گی۔
واٹر بورڈ کے ترجمان نے بتایا کہ یہ خرابی 26 جون کو رات 10 بجے پیش آئی تھی، اور تاحال درست نہیں ہو سکی، جس کی وجہ سے کے تھری پمپنگ ہاؤس کے 2 مرکزی واٹر پمپ بند ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بندش کی وجہ سے 350 ملین گیلن یومیہ سے زائد پانی کی قلت ہو چکی ہے، اور ضلع ایسٹ اور سینٹرل کے کچھ حصے، جیسے ناظم آباد، نیو کراچی، لانڈھی اور کورنگی پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کے تھری پمپنگ ہاؤس سے 70 ملین گیلن یومیہ پانی شہر کو فراہم کیا جاتا تھا، جو اب بجلی کی بندش کے باعث مکمل طور پر بند ہے، تاہم، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر واقع کے ٹو پمپنگ ہاؤس سے اس وقت 70 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈملوٹی پمپنگ اسٹیشن پر بھی ایک اور فنی خرابی پیش آئی، جس کے باعث ملیر، کھوکھراپار، میمن گوٹھ اور ملیر کینٹ جیسے علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ اتوار کو دوپہر 3 بجے ڈملوٹی پمپنگ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی بحال کی گئی تھی، لیکن صرف 20 منٹ بعد پھر سے تعطل کا شکار ہو گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پمپنگ اسٹیشن کو رات گئے بجلی کی فراہمی دوبارہ بحال ہوئی، طویل بجلی کی بندش نے معمول کی پانی کی فراہمی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔













لائیو ٹی وی