• KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.9°C

شیخوپورہ: لیسکو دفتر میں بزرگ خاتون سے بدسلوکی کرنے والا سیکیورٹی گارڈ گرفتار

شائع July 2, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب
— فوٹو: اسکرین گریب

شیخوپورہ پولیس نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا، جسے پاور ڈویژن کی جانب سے ایک بزرگ خاتون صارف کو کمپنی کے احاطے سے باہر گھسیٹنے پر معطل کر دیا گیا تھا۔

واقعے کی فوٹیج یکم جولائی سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک لیسکو گارڈ ایک بزرگ خاتون کو بازو سے زمین پر گھسیٹ کر باہر لے جا رہا ہے۔

پاور ڈویژن کی جانب سے آج جاری ہونے والے بیان کے مطابق بدسلوکی کا واقعہ 30 جون کو پیش آیا، سیکیورٹی گارڈ کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا اور فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرائی گئی، سیکیورٹی گارڈ اب پولیس کی تحویل میں ہے۔

پاور ڈویژن نے خبردار کیا کہ قانون کی خلاف ورزی اور عوام کی تذلیل کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ گارڈ کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی گارڈ کو ملازمت سے برطرف کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے اور پاور ڈویژن نے تین دن میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

پاور ڈویژن کے مطابق دیگر پاور سپلائی اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو بھی ’فوری اقدامات کرنے اور تمام دفاتر کو ہدایات جاری کرنے‘ کے احکامات دیے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاور ڈویژن بزرگ خاتون اور دیگر صارفین سے اس فرد کے فعل پر معذرت خواہ ہے، ہم اپنے صارفین کا بہت احترام کرتے ہیں۔

شیخوپورہ پولیس نے بھی فیس بک پر ایک پوسٹ میں اس شخص کی گرفتاری کی تصدیق کردی، جس میں بتایا گیا کہ وائرل ہونے والی فوٹیج ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) بلال ظفر شیخ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

بلال ظفر شیخ کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025