کراچی: 20 سالہ نوجوان ڈکیتی مزاحمت پر قتل، چینی باشندے کی اہلیہ زمینی تنازع پر فائرنگ سے زخمی

شائع July 3, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی کے علاقے اسکیم 33 میں ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے کے بعد 20 سالہ نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیا، چینی باشندے کی پاکستانی اہلیہ زمینی تنازع پر فائرنگ سے زخمی ہوگئی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 20 سالہ موسیٰ وسیع اللہ کو عبداللہ شاہ غازی گوٹھ میں مزاحمت پر گولی مار کر قتل کیا گیا۔

سچل تھانے کے انویسٹی گیشن افسر گل بہار رند نے ڈان کو بتایا کہ مقتول نئی موٹرسائیکل پر سوار تھا کہ مسلح افراد نے اسے روکا اور اسلحہ دکھا کر موٹر سائیکل چھین لی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے فرار ہونے سے قبل نوجوان کا موبائل فون مانگا، اسی اثنا میں نوجوان نے ایک ڈاکو کو قابو میں کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھی نے گولی چلا دی جو سینے میں لگی، موسیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ڈاکو موٹر سائیکل اور موبائل فون لے کر فرار ہو گئے۔

لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

دریں اثنا، ماڑی پور میں زمین کے تنازع پر فائرنگ کے واقعے میں ایک چینی شہری کی پاکستانی نژاد اہلیہ زخمی ہو گئی۔

ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا نے ڈان کو بتایا کہ شائستہ لی ماڑی پور میں ایک گودام کی مالک ہیں جبکہ ایک اور شخص میر حسن، بھی اس زمین پر ملکیت کا دعویدار ہے۔

ڈی آئی جی کے مطابق بدھ کی صبح میر حسن اپنے ساتھیوں کے ہمراہ زمین پر زبردستی قبضے کی کوشش کر رہا تھا جس پر شائستہ نے مزاحمت کی، اس دوران ملزمان نے فائرنگ کر دی اور ایک گولی ان کے کندھے میں لگی۔

خاتون کو ابتدائی طور پر سول ہسپتال کراچی لے جایا گیا، جہاں سے بعد میں مزید علاج کے لیے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس میر حسن اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025