لاہور: کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے مبینہ مقابلوں میں 3 ڈاکو ہلاک ہوگئے

شائع July 3, 2025
— فائل فوٹو: آن لائن (لوپ ویب سائٹ)
— فائل فوٹو: آن لائن (لوپ ویب سائٹ)

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) سے مبینہ مقابلے میں 3 ڈاکو مارے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں سی سی ڈی سول لائن ملزمان کو نشاندہی کے لیے لیکر جارہی تھی، ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، اس دوران پولیس نے جوابی کارروائی کی تو ملزمان فرار ہوگئے، تاہم ملزمان کی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

سی سی ڈی نے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں عابد اور دلاور کی لاشیں مردہ خانے منتقل کر دی ہیں۔

دوسری جانب حکام نے بتایا کہ سی سی ڈی کینٹ سے مبینہ مقابلے میں بھی ایک ڈاکو ہلاک ہوا ہے، جس کی شناخت حسن کے نام سے ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ 26 جون کو بھی پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر ضلع بھکر کے علاقے دلے والی میں اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تھا، اس دوران خطرناک شاہ گینگ کے 4 سرکردہ ارکان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

سی سی ڈی نے ضلع بھکر میں کارروائی کے دوران خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی، اس دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں خطرناک شاہ گینگ کے 4 سرغنہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوئے تھے۔

سی سی ڈی کا اشتہاریوں کے خلاف پولیس مقابلہ 2 گھنٹے تک جاری رہا تھا، خطرناک اشتہاری ملزمان پولیس کو قتل، ڈاکے، راہزنی، بھتہ خوری سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025