لاہور: بچوں پر حملہ کرنے والے شیر کو سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں بچوں پر حملہ کرنے والے شیر کو عدالت نے سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم دے دیا، شیر کے مالک کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا۔
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں گزشتہ روز بچوں پر حملہ کرنے والے شیر کو محکمہ وائلڈ لائف نے قبضے میں لے لیا تھا۔
وائلڈ لائف انسپکٹر نے عدالت کو بتایا کہ افریقی شیر کو 3 جولائی کی رات ملزم ملک بہرام کے قبضے سے لیا گیا،ملزم نے افریقی شیر کو غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھا ہوا تھا۔
وائلڈ انسپکٹر نے عدالت سے افریقی شیر کو سفاری پارک منتقل کرنے کی استدعا کی جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے تحریری حکم جاری کیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد شیر کی سفاری پارک منتقلی کا حکم دے دیا۔
قبل ازیں جوہر ٹاؤن پولیس نے واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاندان کے فرد محمد قیصر کی مدعیت میں شیر کے مالک کے خلاف درج کرلیا جس میں اقدام قتل سمیت دیگر دفعات درج کی گئیں۔
پولیس نے فارم ہاؤس کے مالک ملک ناظم کے بیٹے ملک بہرام کو گرفتار کرلیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں واقع فارم ہاؤس میں شیر نے فیملی پرحملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق فارم ہاؤس میں رکھے شیر کا جنگلا کھلا رہ گیا تھا جس سے نکل کر شیر نے فیملی پر حملہ کیا، زخمیوں کو طبی امداد کےلیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جن میں سے دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔












لائیو ٹی وی