کیا زین ملک نسلی تعصب کے باعث ون ڈائریکشن سے علیحدہ ہوئے؟ نئے گانے نے بحث چھیڑ دی
برطانوی گلوکار زین ملک کے نئے گانے ’فوشیا سی‘ نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس میں مداحوں کا ماننا ہے کہ انہوں نے بطور واحد ایشیائی رکن ون ڈائریکشن میں اپنے ساتھ ہونے والے ممکنہ نسلی تعصب کا حوالہ دیا ہے۔
گزشتہ دنوں 32 سالہ گلوکار نے انسٹاگرام پر اپنے آنے والے گانے ’فوشیا سی‘ کا ایک کلپ شیئر کیا، جذبات سے بھرپور اس ریپ میں ذات، نمائشی شمولیت اور نسلی امتیاز جیسے موضوعات پر بات کی گئی۔
گانے کے ٹیزر میں وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے ایک سفید فام بینڈ میں سخت محنت کی، لیکن پھر بھی لوگ ایشیائی ہونے پر ہنستے رہے۔
پھر وہ ریپ کرتے ہیں کہ ان کی کمر دیوار سے اس قدر لگی رہی کہ وہ سمجھنے لگے کہ وہ اینٹوں کے شوقین ہیں، ان کے پاس کہکشاں کا ریٹرن ٹکٹ ہے۔

زین کی جانب سے جاری کیا گیا یہ ٹیزر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور مداح ان اشعار کو ون ڈائریکشن میں ان کے ذاتی تجربے سے جوڑ رہے ہیں، جس میں وہ واحد غیر سفید فام رکن تھے، جب کہ دیگر اراکین میں ہیری اسٹائلز، لوئس ٹاملنسن، نیائل ہوران اور آنجہانی لیئم پین شامل تھے۔
یہ گروپ 2010 میں دی ایکس فیکٹر یو کے پر تشکیل پایا اور عالمی شہرت حاصل کی، تاہم زین ملک 2015 میں اچانک بینڈ سے الگ ہو گئے۔
اگرچہ زین پہلے بھی ذہنی صحت کے مسائل اور پرائیویسی کی خواہش پر بات کر چکے ہیں، لیکن ایسا پہلی بار محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے یہ عندیہ دیا ہے کہ گروپ یا میوزک انڈسٹری میں نسلی تعصب بھی ان کے جانے کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔
یہ اشعار بہت سے سامعین، خاص طور پر جنوبی ایشیائی مداحوں کے دل کو چھو گئے، جنہوں نے زین ملک کو مغربی پاپ انڈسٹری میں جگہ بنانے والے چند غیر سفید فام آرٹسٹ کے طور پر ہمیشہ سراہا ہے۔



گانے کا ٹیزر ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب زین ملک نے چند ماہ قبل ون ڈائریکشن چھوڑنے کی دسویں سالگرہ کے موقع پر میکسیکو سٹی میں ’اسٹیئروے ٹو دا اسکائی‘ ٹور کے دوران گروپ کا مقبول گانا ’نائٹ چینجز‘ پرفارم کیا تھا۔
اس موقع پر گلوکار نے سامعین سے کہا تھا کہ انہوں نے یہ گانا 10 سال کے بعد پہلی بار گایا ہے، یہ ایک زبردست تجربہ تھا اور یہ کہہ کر وہ رو پڑے۔
واضح رہے کہ ون ڈائریکشن سے الگ ہونے کے بعد زین ملک نے ایک حد تک نجی زندگی اختیار کیے رکھی، تاہم 2024 کے آخر میں لیئم پین کی تدفین میں وہ دوبارہ ہیری اسٹائلز، لوئس ٹاملنسن اور نیائل ہوران کے ساتھ منظرِ عام پر آئے۔
فی الحال ’فوشیا سی‘ باقاعدہ طور پر ریلیز نہیں ہوا، تاہم اس کا مختصر ٹیزر پہلے ہی موسیقی کی دنیا میں توجہ اور بحث کا مرکز بن چکا ہے، ایک ایسی سچائی جو شاید بہت پہلے سامنے آ جانی چاہیے تھی۔












لائیو ٹی وی