بہاول نگر میں غیرت کے نام پر 5 بچوں کی ماں قتل، ملزم گرفتار

شائع July 8, 2025
فائل فوٹو: ڈان  نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

بہاول نگر میں غیرت کے نام پر 46 سالہ خاتون کو قتل کردیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق بہاولنگر کے علاقے ٹبہ شیرے خان میں غیرت کےنام پر 46 سالہ خاتون کو اس کے بھانجے نے کلہاڑی کے وار کر کے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ نسرین بی بی کو قتل کرنے والے اس کے بھانجے کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ 5 بچوں کی ماں تھی جبکہ 4 سال قبل اس کے شوہر کا انتقال ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات عام ہیں، دسمبر 2023 میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں گھریلو تشدد ایک خاموش وبا کے طور پر ابھر رہا ہے، جو معاشرے اور ریاست کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔

پاکستان میں غیرت کے نام پر 2024 کے دوران بھی خواتین کی جانیں لی جاتی رہیں، جو معاشرے میں رائج ’ عزت و غیرت’ کے گہرے تصورات کی عکاسی کرتا ہے۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی ) کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات ملک بھر میں جاری رہے، جن میں سندھ اور پنجاب میں خاصی تعداد دیکھی گئی۔

2023 میں 490 غیرت کے نام پر قتل کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 2022 میں یہ تعداد 590 تھی۔

پائیدار سماجی ترقیاتی تنظیم کی جانب سے جاری کردہ ’میپنگ جینڈر بیسڈ وائلنس (GBV) 2024‘ رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد کے لیے سزا کی شرح انتہائی کم تھی۔

گزشتہ برس پنجاب میں گھریلو تشدد کے 1167 کیسز تھے، جن میں صرف تین میں سزا ہوئی تھی، جبکہ خیبر پختونخوا میں گھریلو تشدد کے 446 کیسز میں سے کسی میں کوئی سزا نہیں دی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025