امریکا تانبے پر 50 فیصد ٹیکس عائد کرے گا، ڈونلڈ ٹرمپ

شائع July 8, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ تانبے کی درآمدات پر 50 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ انہوں نے فارماسیوٹیکل پر اس سے بھی زیادہ شرح سے محصول لگانے کی دھمکی دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق انہوں نے کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ آج ہم تانبے پر کام کر رہے ہیں، جو دھات کی درآمدات پر جاری تحقیق میں پیش رفت کی علامت ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ واشنگٹن جلد ہی فارماسیوٹیکل (ادویات) سے متعلق اعلان کرے گا، جو جنوری سے ان کی انتظامیہ کی جانب سے مختلف شعبہ جات پر عائد کیے گئے لیویز کی فہرست کو مزید وسعت دے گا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ وہ دواسازی کی صنعتوں کو اپنی پیداوار امریکا منتقل کرنے کے لیے وقت دیں گے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کو تقریباً ڈیڑھ سال دیں گے کہ وہ یہاں آئیں، اس کے بعد ان پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ادویات پر بہت ہی زیادہ شرح سے ٹیرف عائد کیا جائے گا، جیسا کہ 200 فیصد، مزید کہنا تھا کہ ہم انہیں ایک مقررہ مدت دیں گے۔

امریکا کے تقریباً تمام تجارتی شراکت داروں پر 10 فیصد کا عمومی ٹیکس عائد کرنے اور درجنوں معیشتوں کے لیے مخصوص بلند شرحوں کی دھمکیوں کے علاوہ ٹرمپ اس سال اسٹیل، ایلومینیم اور گاڑیوں پر بھی محصولات لگا چکے ہیں۔

تانبے اور دواسازی کے علاوہ امریکی صدر نے لکڑی، سیمی کنڈکٹرز اور اہم معدنیات کی درآمدات کی تحقیقات کا حکم بھی دیا، جو ممکنہ طور پر مزید محصولات کا سبب بن سکتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025