’زندگی سب سے قیمتی تحفہ ہے‘، حمیرا اصغر کی موت پر فنکاروں کی ذہنی صحت پر بات کرنے کی اپیل
اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی افسوسناک موت نے شوبز انڈسٹری کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے، کئی فنکاروں نے نہ صرف دکھ کا اظہار کیا بلکہ ذہنی دباؤ سے گزرنے والے افراد کے لیے ہمدردی، مدد اور ذہنی صحت پر کھل کر بات کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
گزشتہ روز اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر علی کی کئی روز پرانی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی تھی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق اداکارہ مذکورہ فلیٹ میں تنہا رہتی تھیں، انہوں نے 2024 سے کرایہ دینا بند کر دیا تھا جس پر مالک مکان نے عدالت سے رجوع کیا۔
یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب گزری پولیس عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کرانے پہنچی، جہاں سے اداکارہ کی کئی روز پرانی لاش ملی۔
اداکارہ ماورا حسین، امر خان اور نادیہ حسین نے حمیرا اصغر علی کی افسوسناک موت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور ساتھ ہی ذہنی دباؤ اور خاموش جدوجہد کرنے والوں کے لیے ہمدردی اور مدد کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
اداکارہ و لکھاری امر خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’یہ خبر صرف چونکا دینے والی نہیں بلکہ دل توڑ دینے والی ہے، یہ ایک معاشرے اور انڈسٹری کی موت ہے‘۔
انہوں نے لکھا کہ انہیں آج بھی ایک پروگرام میں حمیرا اصغر کے کہے گئے یہ الفاظ یاد ہیں ’خوش رہیں اور خوش رہنے دیں۔‘

امر خان نے مزید لکھا کہ زندگی کی سخت حقیقتوں سے گزرتے ہوئے، کیریئر بنانے کی جدوجہد اور دباؤ کا سامنا کرتے ہوئے، حمیرا اُن تمام فنکاروں کا چہرہ اور کہانی ہے جو روشنیوں میں خوشی اور چمک کا تاثر دیتے ہیں، لیکن ایک دن خاموشی سے بجھ جاتے ہیں۔
ان کے مطابق، وہ تمام لڑکیاں جو کیریئر کی شروعات کر رہی ہیں یا سخت محنت کر رہی ہیں، وہ خود پر زیادہ سختی نہ کریں، کیونکہ صحت اور زندگی سے زیادہ کچھ بھی اہم نہیں ہے، انہوں نے حمیرا اصغر کے لیے مغفرت کی دعا بھی کی۔
اداکارہ ماورا حسین نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے سب کو مخاطب کیا ہے کہ اگر کوئی بھی شخص کسی مشکل یا پریشانی میں مبتلا ہے، چاہے وہ انہیں ذاتی طور پر جانتی ہوں یا نہیں، تو وہ ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ دوسروں کی بات سننے اور انہیں سمجھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی اور وعدہ کیا کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق ہر ممکن مدد کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ یہ خوبصورت زندگی سب سے قیمتی تحفہ ہے، اپنی کمزوری ظاہر کرنے میں شرم محسوس نہ کریں، ہم سب کبھی نہ کبھی کمزور ہوتے ہیں، ہم سب نے زندگی کے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، آپ اکیلے نہیں ہیں۔

ماورا حسین نے سورۃ الضحیٰ ترجمے کے ساتھ پڑھنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ تلاوت ان کے اداس دنوں میں انہیں مضبوط بناتی ہے۔
اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین نے بھی اداکارہ کے انتقال کے بعد لڑکیوں کو اہم مشورہ دیا۔
انسٹاگرام پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں نادیہ حسین نے کہا کہ انہوں نے حمیرا اصغر کی خبر دیکھی، اللہ تعالیٰ انہیں جنت نصیب فرمائے۔
انہوں نے لکھا کہ وہ ہماری انڈسٹری کی لڑکی تھی، مجھے یقین ہے کہ وہ جدوجہد کر رہی تھی، اکیلی رہتی تھی، انڈسٹری میں کام کرنے کی کوشش کی، ماڈلنگ کرتی تھی اور کچھ عرصے بعد اداکاری بھی کی۔
نادیہ حسین نے کہا کہ انہیں حمیرا جیسی لڑکی کے لیے بہت افسوس ہے، صرف اس لیے نہیں کہ وہ ہماری انڈسٹری سے تھی بلکہ اس لیے کہ ایسی بہت سی لڑکیاں ہیں جو فیملی سپورٹ اور تعلیم کی کمی کی وجہ سے بہتر مواقع نہیں پا سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی لڑکیاں جو جدوجہد کرتی ہیں، ان کے لیے یہ راستہ آسان نہیں ہوتا، خاص طور پر آج کے دور میں، یہ تمام لڑکیوں کے لیے پیغام ہے کہ اپنی زندگی پر کنٹرول رکھیں اور اپنی فیملی، دوستوں سے رابطے میں رہیں۔
اداکارہ یشما گل نے بھی حمیرا اصغر کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت نصیب فرمائے۔













لائیو ٹی وی