• KHI: Partly Cloudy 18.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.4°C

اے این پی کو جھٹکا، پشاور کے بلور خاندان کی اہم شخصیت (ن) لیگ میں شامل

شائع July 9, 2025
ثمر بلور، بشیر بلور کی بہو اور شہید اے این پی رہنما ہارون بلور کی بیوہ ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
ثمر بلور، بشیر بلور کی بہو اور شہید اے این پی رہنما ہارون بلور کی بیوہ ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو بڑا دھچکا پہنچا ہے اور پارٹی سے دیرینہ تعلق رکھنے والے بلور خاندان کی اہم شخصیت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق ہارون بلور کی بیوہ اور بشیر بلور کی بہو ثمر بلور (ن) لیگ میں شامل ہوگئیں، سمر بلور نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کرلی ہے، سمر بلور کو مخصوص نشست پر (ن) لیگ کی جانب سے رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ثمر ہارون بلور، سعیدہ جمشید اور جمشید مہمند نے ملاقات کی، ثمر ہارون بلور نے ملکی معاشی استحکام، عوام دوست بجٹ اور ملکی معاشی ترقی کی درست سمت پر وزیراعظم کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ وفاق اور پنجاب کی طرز پر خیبرپختونخوا بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہو، ثمر ہارون بلور نے وزیراعظم اور پارٹی قیادت کے ساتھ ملکر خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے ثمر ہارون کا پارٹی شامل پونے پر خیر مقدم کیا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ثمر ہارون بلور کے عوامی خدمت کے جذبے کی تعریف کی۔

رانا ثنااللہ، انجینئیر امیر مقام، سردار یوسف، رانا مبشر اور رہنما ن لیگ مرتضیٰ جاوید عباسی بھی ملاقات میں شریک تھے۔

یاد رہے کہ 10 جولائی 2018 کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی انتخابی مہم کے دوران بم دھماکے کے نتیجے میں صوبائی اسمبلی کے امیدوار اور بشیر بلور کے صاحبزادے ہارون بلور سمیت 20 افراد جاں بحق اور 48 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، جس کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی۔

سی سی پی او پشاور قاضی جمیل نے بتایا تھا کہ ہارون بلور کی کارنر میٹنگ کے دوران بم دھماکا ہوا، جس میں 20 افراد جاں بحق اور تقریباً 48 افراد زخمی ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکا رات 11 بجے کے قریب ہوا تھا۔

اے این پی کے امیدوار ہارون بلور انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرنے آرہے تھے کہ دھماکا ہوگیا، جس میں وہ زخمی ہوئے، تاہم بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔

ہارون بلور کے والد بشیر بلور کو بھی دسمبر 2012 میں ایک خود کش حملے میں شہید کیا گیا تھا، بلور خاندان کو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں قائدین کی سطح پر جانوں کا نذرانہ دینے والا خاندان تصور کیا جاتا ہے، اور خیبرپختونخوا میں اس خاندان کی سیاسی اقدار بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025