اینویڈیا کے حصص میں زبردست اضافہ، مارکیٹ ویلیو 40 کھرب ڈالر ہوگئی
وال اسٹریٹ میں اہم انڈیکسز میں اضافہ ہوا، جبکہ اینویڈیا کے حصص میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کی مارکیٹ ویلیو 40 کھرب ڈالر تک جا پہنچی، اس دوران سرمایہ کاروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف اقدامات کو نظر انداز کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کمپنی اینویڈیا (Nvidia) کے حصص 2.2 فیصد بڑھے، جس کے ساتھ وہ دنیا کی پہلی کمپنی بن گئی جس کی مارکیٹ ویلیو 40 کھرب ڈالر تک پہنچی۔
اینویڈیا نے وال اسٹریٹ میں اپنی حیثیت کو مستحکم کر لیا ، اب اسے مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی مانگ سے فائدہ اٹھانے والی سب سے پسندیدہ کمپنیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
صبح 9 بج کر 47 منٹ پر (پاکستانی وقت کے مطابق شام 6:47 بجے) پر ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج 286.20 پوائنٹس یا 0.65 فیصد اضافے سے 44 ہزار 526 تک پہنچ گیا، اسی طرح ایس اینڈ پی 500 میں 39 پوائنٹس یا 0.64 فیصد اضافہ ہوا، جو 6 ہزار 265 پر بند ہوا، نیسڈیک کمپوزٹ میں 195 پوائنٹس یا 0.95 فیصد بڑھ کر 20 ہزار 614 پر پہنچ گیا۔
ایس اینڈ پی کے 11 میں سے 7 سیکٹرز نے منافع حاصل کیا، جن میں ٹیکنالوجی سیکٹر 1.2 فیصد اضافے کے ساتھ سرفہرست رہا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجارتی دباؤ میں اضافہ کرتے ہوئے تانبے پر 50 فیصد ٹیرف کا اعلان کیا اور سیمی کنڈکٹرز اور دواسازی کی مصنوعات پر پرانی دھمکیوں کے مطابق محصولات عائد کرنے کا عندیہ دیا۔
یہ بیان ایک روز بعد آیا، جب انہوں نے 14 تجارتی شراکت داروں کو نئی ٹیرف وارننگز دے کر حیران کر دیا، اور کہا کہ کم از کم سات نئی نوٹسز دن کے آخر تک جاری کی جائیں گی۔
تازہ ترین اعلان پر مارکیٹ کا ردعمل پیر کے روز کی فروخت کے برعکس تھا، جب جاپان اور جنوبی کوریا کے خلاف ٹیرف کی دھمکیوں کے بعد مارکیٹس میں گراوٹ دیکھی گئی تھی۔
چونکہ ٹیرف کی آخری تاریخ اب یکم اگست تک بڑھا دی گئی ہے، اس لیے سرمایہ کار امید کر رہے ہیں کہ کسی مکمل تجارتی جنگ سے بچنے کے لیے مذاکرات کارگر ہوں گے۔












لائیو ٹی وی