حمیرا اصغر کی آخری رسومات ہمیں ادا کرنے کی اجازت دی جائے، شوبز شخصیات کی اپیل
والد کی جانب سے اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش وصول کرنے کے انکار کے بعد اداکارہ سونیا حسین، یشمیٰ گل، یاسر حسین اور دیگر شوبز شخصیات ان کی تدفین کے انتظامات کرنے کے لیے سامنے آگئیں۔
حمیرا اصغر 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے کے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملی تھیں، ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ ان کی لاش 20 دن تک پرانی لگی ہے، تاہم بعد ازاں حیران کن انکشافات سامنے آئے۔
پولیس نے 9 جولائی کو بتایا کہ ممکنہ طور پر حمیرا اصغر کی لاش 6 ماہ سے زائد عرصے سے پرانی تھی، لاش سے خون کے نمونے تک حاصل نہیں کیے جا سکے تھے جب کہ گھٹنوں سے بھی لاش گلنا شروع ہوگئی تھی۔
پولیس نے 8 جولائی کو بتایا تھا کہ حمیرا اصغر کے والد نے بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ بیٹی سے کچھ عرصہ قبل تعلقات ختم کرچکے تھے۔
والد کی جانب سے بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز انڈسٹری میں دکھ کی لہر دوڑ گئی اور متعدد شوبز شخصیات ان کی تدفین کے انتظامات کرنے کے لیے سامنے آئیں۔
اداکارہ سونیا حسین نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کو اپیل کی کہ اگر ایک دن میں حمیرا اصغر کی لاش وصول کرنے ان کا کوئی وارث نہیں آتا تو انہیں ان کی آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔
سونیا حسین نے والدین کے رویے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی یتیم شخص مر جائے اور اس کے ساتھ ایسا ہو تو معاملہ سمجھ میں آتا ہے لیکن تمام رشتے داروں کے ہوتے ہوئے، کسی کے ساتھ ایسا ہونا سمجھ سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کسی کو لیکچر نہیں دینا چاہتیں، بس ان کی خواہش ہے کہ اگر کوئی بھی حمیرا اصغر کی لاش وصول نہیں کرتا تو ایک دن بعد انہیں ان کی آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ آج جو حمیرا اصغر کے ساتھ ہوا ہے، وہ کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے اور آئندہ ایسا کسی کے ساتھ نہ ہو، اسی لیے وہ ان کی آخری رسومات ادا کرنے کی خواہش مند ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اہل محلہ اور دوستوں کو بھی چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔
ان کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے یاسر حسین نے بھی لکھا کہ سونیا حسین کو یہ حق ملنا چاہیے، دوسری صورت میں وہ بھی موجود ہیں۔
یاسر حسین نے لکھا کہ حمیرا اصغر کے خاندان نے جس انڈسٹری کی وجہ سے انہیں عاق کیا، وہ انڈسٹری ان کے لیے کھڑی ہے، پوری انڈسٹری ان کی تدفین کرے گی۔
اداکارہ یشمیٰ گل نے بھی کہا کہ وہ اور پوری انڈسٹری حمیرا اصغر کی تدفین کے لیے موجود ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ انہوں نے ڈی آئی جی سید اسد رضا سے بات کی اور حمیرا اصغر کی آخری رسومات کی اجازت بھی مانگی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی نے انہیں بتایا کہ اگر حمیرا اصغر کے ورثا ایک دن میں نہیں آتے تو وہ اداکارہ سے رابطہ کریں گے اور انہیں آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
دوسری شخصیات اور سماجی رہنماؤں نے بھی پولیس و انتظامیہ سے اپیل کی کہ اگر حمیرا اصغر کے ورثا ایک دن میں ان کی لاش وصول کرنے نہیں آتے تو انہیں تدفین کی اجازت دی جائے۔












لائیو ٹی وی