حمیرا اصغر 7 اکتوبر 2024 سے لاپتا تھیں، فیشن اسٹائلسٹ کا دعویٰ
فیشن اسٹائلسٹ دانش مقصود نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر 7 اکتوبر 2024 سے لاپتا تھیں اور انہوں نے متعدد بار اداکارہ کی گمشدگی سے متعلق سوالات اٹھائے لیکن کسی نے ان کی بات پر توجہ نہ دی۔
حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے سے ملی تھیں، ابتدائی طور پر معلوم ہوا تھا کہ اداکارہ کی لاش 20 دن پرانی ہے لیکن 9 جولائی کو پولیس نے خدشہ ظاہر کیا کہ اداکارہ کی لاش 6 ماہ پرانی ہے۔
اب اسٹائلسٹ دانش مقصود نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ گزشتہ 9 ماہ سے لاپتا تھیں اور ان کی جانب سے بار بار پوچھے جانے پر بھی کسی نے توجہ نہ دی۔
دانش مقصود نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ انہوں نے آخری بار حمیرا اصغر کے ساتھ اکتوبر کے آغاز میں کام کیا اور اداکارہ 7 اکتوبر 2024 کے بعد لاپتہ ہوگئیں۔
ان کے مطابق انہوں نے متعدد افراد سے پوچھا اور انسٹاگرام پر اسٹوریز بھی شیئر کیں لیکن کسی نے ان کی بات پر توجہ نہ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ حمیرا اصغر کے اچانک غائب ہوجانے اور ان کے سوالات پر میڈیا نے بھی توجہ نہ دی، سوشل میڈیا پیجز نے بھی ان کی باتوں کو نظر انداز کیا، کسی نے کوئی سوال نہیں اٹھایا لیکن اب جب اداکارہ کی لاش ملی ہے تو ہر کوئی ان پر بات کر رہا ہے۔
اسٹائلسٹ کے مطابق حمیرا اصغر بہت بڑا نام نہیں تھیں، اس لیے ان کے زندہ ہونے کے وقت بہت ساری شخصیات انہیں نظر انداز کرتی تھیں لیکن اب ان کے مرنے کے بعد ہر کوئی ان پر بات کر رہا ہے۔

اسٹائلسٹ نے متعدد انسٹاگرام اسٹوریز میں میڈیا اور شوبز سوشل میڈیا پیجز کے رویے پر بھی اظہار افسوس کیا اور لکھا کہ جب حمیرا علی چوہدری غائب ہوئیں اور انہوں نے سوالات اٹھائے تو میڈیا نے ان کو نظر انداز کردیا، اب لاش پر سیاست کی جا رہی ہے۔
دانش مقصود نے شوبز میڈیا پیجز سے اپیل کی کہ وہ حمیرا اصغر کی تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر نہ کریں اور ان کی مغفرت کے لیے دعائیں کی جائیں۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ اور تدفین کا انتظام کرنے کو بھی تیار ہیں، کوئی ان کا رابطہ حکام کے ساتھ کروائے۔












لائیو ٹی وی