• KHI: Clear 18.2°C
  • LHR: Cloudy 11.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.5°C
  • KHI: Clear 18.2°C
  • LHR: Cloudy 11.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.5°C

حمیرا اصغر کے گھر سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی، اداکارہ کی سم اکتوبر سے بند تھی، پولیس

شائع July 10, 2025
—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام
—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام

سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کے فلیٹ سے کسی طرح کی کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی، تشدد اور ممکنہ قتل کے شواہد بھی نہیں ملے جب کہ اداکارہ کے زیر استعمال رہنے والے موبائل کی سم بھی اکتوبر سے بند تھی۔

حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے کے فلیٹ سے ملی تھی، ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ ان کی لاش 20 دن پرانی ہے، تاہم 9 جولائی کو پولیس نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ان کی لاش 6 ماہ پرانی ہے۔

اداکارہ کی لاش ملنے کے حوالے سے ایس ایس پی جنوبی مہزور علی نے ’اے آر وائے نیوز‘ کے مارننگ شو میں تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ حمیرا اصغر کا کسی بھی شخص سے آخری بار رابطہ ستمبر میں ہوا ہوگا، اکتوبر کے آغاز سے ان کی سم بند ہوگئی تھی۔

ایس ایس پی مہزور علی کے مطابق اداکارہ دو کمروں کے فلیٹ میں 2018 سے رہائش پذیر تھیں، 2019 میں ہی ان کے کرائے کے مسائل شروع ہوگئے تھے لیکن مئی 2024 کے بعد انہوں نے کرایا دینا بند کردیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ کرایہ نہ ملنے پر مالک مکان نے عدالت سے رجوع کیا تھا، پولیس سارے معاملے سے بے خبر تھی جب کہ اداکارہ کے موبائل بند ہونے پر یا اچانک لاپتہ ہونے پر بھی کسی نے پولیس کو مطلع نہیں کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ کے گھر سے ملنے والی کھانے پینے کی تمام اشیا کے استعمال کی تاریخ بھی اکتوبر 2024 میں ختم ہوچکی تھی جب کہ انہوں نے مذکورہ مہینے کے بعد کسی سے فون پر رابطہ نہیں کیا تھا۔

ایس ایس پی مہزور علی کے مطابق اکتوبر میں ہی اداکارہ کے بجلی اور گیس کا استعمال بھی بند ہوگیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اداکارہ کی لاش دوسرے کمرے سے ملی جب کہ ان کا موبائل دوسرے کمرے میں موجود تھا، جائے وقوع سے تشدد کے شواہد نہیں ملے، کسی طرح کی کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں پہلی بار اس طرح کا کیس دیکھا ہے، اداکارہ کی موت سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، لاش کم سے کم 6 ماہ تک پرانی ہوسکتی ہے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ اداکارہ جس عمارت میں رہائش پذیر تھیں، وہاں ہر منزل میں دو فلیٹس تھے، اداکارہ کے سامنے رہنے والے فلیٹ کے افراد بھی ستمبر 2024 کے بعد گاؤں چلے گئے تھے، وہ فروری 2025 میں واپس آئے تو اداکارہ کے فلیٹ کو بند دیکھا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025