• KHI: Clear 24.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.8°C
  • ISB: Cloudy 14.4°C
  • KHI: Clear 24.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.8°C
  • ISB: Cloudy 14.4°C

محکمہ ثقافت کا اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کی ذمے داری لینے کا فیصلہ

شائع July 10, 2025
—انسٹاگرام
—انسٹاگرام

اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر علی کی لاش اہل خانہ کی جانب سے وصول نہ کیے جانے پر سندھ کے محکمہ ثقافت نے ان کی تدفین کی ذمے داری لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حمیرا اصغر علی کی لاش کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں واقع ان کے فلیٹ سے منگل کے روز برآمد ہوئی۔

پولیس نے عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کرانے کے دوران ان کی بوسیدہ لاش دریافت کی۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے ڈان کو بتایا کہ اداکارہ کا خاندان لاہور میں مقیم ہے اور جب پولیس نے ان سے رابطہ کیا تو خاص طور پر ان کے والد نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

بعد ازاں، پولیس کے مطابق مرحومہ کے بہنوئی نے ان سے رابطہ کیا اور ان کی آمد جمعرات (آج) کو متوقع ہے تاکہ وہ پولیس سے ملاقات کر سکیں۔

ڈی آئی جی کے مطابق، جب یہ خبر سامنے آئی کہ اداکارہ کے اہل خانہ نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے، تو شوبز سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات نے پولیس سے رابطہ کیا اور آخری رسومات و تدفین کی ذمہ داری لینے کی پیشکش کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر اہل خانہ نے لاش لینے سے انکار کیا تو ہم اسے شوبز شخصیات کے حوالے کر دیں گے۔

جن اداکاراؤں نے حمیرا اصغر کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے پولیس سے رابطہ کیا، ان میں یشما گل اور سونیا حسین بھی شامل ہیں، جنہوں نے تدفین کے انتظامات کی پیشکش کی۔

جمعرات کے روز سندھ کے محکمہ ثقافت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں وزیرِ ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے اداکارہ کی وفات اور ان کے قانونی ورثا کی جانب سے لاش وصول نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اس صورتحال کے پیش نظر اور ملک کی فن و ثقافت کے لیے ان کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے، محکمہ ثقافت ان کی تدفین کے انتظامات عزت و احترام کے ساتھ کرنے کی ذمہ داری لینے کے لیے تیار ہے۔

یہ نوٹیفکیشن ڈی آئی جی جنوبی کے نام جاری کیا گیا، جس میں درخواست کی گئی کہ قانونی ضوابط مکمل کرنے کے بعد لاش محکمہ ثقافت کے حوالے کی جائے تاکہ تدفین کا عمل مکمل کیا جا سکے۔

نوٹیفکیشن میں محکمہ ثقافت کے ڈائریکٹر جنرل منور ماشر کو باضابطہ کارروائی مکمل کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025