• KHI: Partly Cloudy 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C

پنجاب بھر میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 40 زخمی

شائع July 10, 2025
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں مزید موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کردی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں بارشوں سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔

بدھ کو لاہور میں شدید بارشوں کے باعث کم از کم 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ بارشوں نے شہر کے کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی کو متاثر کر دیا۔

ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان فاروق احمد کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث 4 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔

ترجمان کے مطابق جو لوگ شدید زخمی ہوئے، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

چھتیں گرنے کے واقعات

شیخوپورہ کے گاؤں مرزا ورکاں میں چھت گرنے سے 2 سالہ اور 5 سالہ بچہ جاں بحق جب کہ 2 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

اسی طرح، لاہور کے نشتر کالونی میں چھت گرنے سے 50 سالہ شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے جب کہ شہر کے ریلوے اسٹیشن پر ایک اور واقعے میں 2 سالہ بچہ جان سے گیا اور 2 افراد زخمی ہوئے۔

شیخوپورہ کے گاؤں جھمکے میں بانس کی چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے جب کہ نارنگ منڈی میں بھی اسی طرح کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا۔

دیگر اضلاع میں نقصانات

وہاڑی میں چھت اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 4 افراد زخمی ہوئے جب کہ چک نمبر 59 ڈبلیو بی میں سولر پینل گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔

ڈیرہ غازی خان میں چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے جب کہ بھکر کے قصبے منکرہ میں دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔

اٹک میں شدید بارش اور اربن فلڈنگ کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 افراد گھر میں پھنس گئے اور زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل پھسلنے کے دو واقعات میں دو افراد زخمی ہوئے۔

لاہور کی اشيانہ روڈ پر ٹی آر گرڈر گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور اچھرہ کے گنج بخش علاقے میں چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔

اوکاڑہ کی مظفر کالونی چک 5/4 ایل اور چک 6/4 ایل میں چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے جب کہ ساہیوال کے اورنگ آباد اور الامان گارڈن میں بھی ایک ایک شخص زخمی ہوا۔

سیالکوٹ کے چک گل ڈسکہ اور راجن پور کے کوٹلہ مالم میں بھی چھت گرنے سے ایک ایک شخص زخمی ہوا۔

لاہور میں 7 گھنٹے مسلسل بارش

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں جمعرات کی صبح 7 گھنٹے تک مسلسل بارش ہوئی جس میں 140 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کٹھیا کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مزید شدید بارش متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق مون سون کا دوسرا سپیل 13 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔

سیالکوٹ میں 77 ملی میٹر، گوجرانوالہ 67، چکوال 65، جہلم 64، حافظ آباد 60، گجرات 52، منڈی بہاؤالدین 47 اور اٹک میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

فیصل آباد میں 51 ملی میٹر، نارووال 44، اوکاڑہ 33، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ 25، راولپنڈی اور قصور 23، منگلا 19، سرگودھا 18، ڈیرہ غازی خان 16، جھنگ 11، میانوالی 10، ساہیوال 8 اور مری میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور میانوالی ڈویژنز میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ طوفانی بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025