• KHI: Partly Cloudy 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C

ڈراموں میں پرتشدد مناظر نہیں دکھانے چاہئیں، ثنا یوسف کے قتل پر ندیم بیگ کا ردعمل

شائع July 11, 2025
— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

معروف ہدایت کار ندیم بیگ نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے بہیمانہ قتل پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات ہماری ڈراما انڈسٹری کے لیے وارننگ ہیں۔

ندیم بیگ نے حال ہی میں ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔

رومانوی کامیڈی فلم ’لو گرو‘ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ندیم بیگ کا کہنا تھا کہ ہمایوں سعید اور ماہرہ خان پر بلاوجہ تنقید کی گئی۔

ان کے مطابق دونوں فنکاروں کی عمر پر حد سے زیادہ تنقید کی گئی، حالانکہ انہوں نے فلم میں کم عمر لڑکے یا لڑکی کے بجائے ایک میچور مرد اور عورت کا کردار نبھایا تھا اور دونوں اپنے کرداروں میں موزوں لگ رہے تھے۔

ندیم بیگ کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ بلاوجہ تنقید کرتے ہیں، شاید وہ اپنی زندگی میں خوش نہیں ہوتے، اس لیے دوسروں کے کام پر تنقید کرکے خوشی تلاش کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر تنقید تعمیری ہو تو اس سے فرق نہیں پڑتا، لیکن جب تنقید غیر ضروری ہو جائے تو وہ بری لگتی ہے۔

ڈراما انڈسٹری کے حوالے سے ندیم بیگ نے زور دیا کہ تشدد پر مبنی مواد سے گریز کیا جانا چاہیے۔

ان کے مطابق برے کردار یا ہیرو پر مبنی کہانیاں ضرور بنائی جائیں، لیکن انہیں اس طرح دکھایا جائے کہ وہ اچھے عمل کی طرف راغب ہوں نہ کہ ایسے مناظر دکھائے جائیں جو معاشرے پر منفی اثر ڈالیں۔

ندیم بیگ نے حالیہ افسوسناک واقعے کا حوالہ دیا، جس میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو صرف دوستی سے انکار کرنے پر قتل کردیا گیا تھا۔

ان کے مطابق اس سانحے کی جزوی ذمہ داری اس مواد پر بھی عائد ہوتی ہے جو ہمارے ڈراموں میں دکھایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سوچنا ہوگا کہ کہیں ہم اپنے مواد کے ذریعے غلط رویوں کو فروغ تو نہیں دے رہے۔

ہدایت کار نے مزید کہا کہ اگرچہ ان کے خیال میں اس واقعے کا اصل ذمہ دار سوشل میڈیا ہے، لیکن ٹی وی پر نشر ہونے والے مواد کو بھی بہت سوچ سمجھ کر پیش کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ڈرامے ہر گھر میں دیکھے جاتے ہیں۔

ندیم بیگ کا کہنا تھا کہ جب ہم برے کردار کو اس انداز میں دکھاتے ہیں کہ وہ دلکش اور متاثرکن لگے، تو وہ معاشرے پر منفی اثر ڈالتا ہے۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو 2 جون کو ان کے گھر میں گھس کر کر قتل کیا گیا تھا۔

پولیس نے 3 جون کو مقدمہ درج کرکے کارروائی کی اور 24 گھنٹوں کے اندر ملزم عمر حیات کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق، ملزم عمر حیات، ثنا یوسف سے دوستی کرنا چاہتا تھا اور انکار پر اس نے ٹک ٹاکر کو قتل کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025