• KHI: Sunny 24.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 19°C
  • ISB: Partly Cloudy 20.6°C
  • KHI: Sunny 24.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 19°C
  • ISB: Partly Cloudy 20.6°C

اے این پی رہنما مولانا خان زیب کے قتل کا مقدمہ درج، تحقیقات جاری

شائع July 11, 2025
— فائل فوٹو: ایکس
— فائل فوٹو: ایکس

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما مولانا خان زیب کے قتل میں ملوث نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف محکمہ انسداد دہشت گردی محکمے (سی ٹی ڈی) نے مقدمہ درج کر لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب اور پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) باجوڑ وقاص رفیق نے بتایا تھا کہ اے این پی رہنما مولانا خان زیب ’امن پاسون جرگے‘ کے سلسلے میں علاقے میں مہم چلا رہے تھے کہ شنڈئی موڑ کے مقام پر انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے، جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہو گیا تھا۔

10 جولائی کو درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 302، 324، 427 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مولانا خان زیب امن ریلی کی مہم سے واپس گھر جا رہے تھے، جب ان کی گاڑی پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ اور ایک پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہو گئے۔

دریں اثنا، ڈی پی او باجوڑ نے ڈان ڈاٹ کام کو تفتیش میں ہونے والی نئی پیش رفت سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ دو مقامات کی جیو فینسنگ کی جا رہی ہے اور جائے وقوع سے حاصل کردہ فرانزک شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔

ڈی پی او رفیق نے پولیس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ عینی شاہدین کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر 5 مشتبہ افراد سوار تھے، انہوں نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس کا ہدف مولانا خان زیب ہی تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جائے وقوع سے 35 گولیوں کے خول برآمد کیے گئے اور ابتدائی شکایت تھانہ خار کے اسٹیشن ہاؤس افسر نے درج کی۔

مولانا خان زیب کے قتل کی مذمت خیبر پختونخوا کے سیاستدانوں اور انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان نے کی، جبکہ اے این پی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 دسمبر 2025
کارٹون : 15 دسمبر 2025