احمد علی بٹ کو حمیرا اصغر کا انٹرویو دوبارہ اپ لوڈ کرنے پر تنقید کا سامنا
اداکار و میزبان احمد علی بٹ کو اس وقت سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے جب سے انہوں نے مرحومہ ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کا پرانا انٹرویو اپنے یوٹیوب چینل پر دوبارہ اپ لوڈ کیا۔
ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے کے ایک کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، جہاں وہ 2018 سے تنہا رہائش پذیر تھیں، پولیس اور ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، اداکارہ کی لاش تقریباً 10 ماہ پرانی تھی۔
اداکارہ کی تنہا موت کی خبر نے عوام کو افسوس میں مبتلا کر دیا ہے اور سوشل، ڈیجیٹل و الیکٹرانک میڈیا پر ان کے پرانے انٹرویوز، پوڈکاسٹ اور ویڈیوز بڑے پیمانے پر دوبارہ شیئر کی جانے لگی ہیں۔
اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے بھی حمیرا اصغر کا گیارہ ماہ پرانا پوڈکاسٹ دوبارہ اپنے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کیا، جسے حالیہ اپ لوڈ میں تقریباً دو لاکھ ویوز ملے۔
تاہم، اس عمل پر احمد علی بٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
صارفین کا خیال ہے کہ احمد علی بٹ نے ذاتی مفاد کے لیے اس انٹرویو کو دوبارہ شیئر کیا اور انہیں حمیرا سے ہمدردی نہیں ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ انہوں نے حمیرا اصغر کی ویڈیو کو دوبارہ اس لیے شیئر کیا ہے کیونکہ وہ اب زیادہ مشہور ہو گئی ہیں، جب کہ بعض صارفین نے یہ بھی لکھا کہ انہیں احمد علی بٹ سے ایسی توقع نہیں تھی۔
بعد ازاں، سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد احمد علی بٹ نے پوڈکاسٹ دوبارہ شیئر کرنے پر وضاحت جاری کردی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ حمیرا اصغر علی اور ان کے خاندان سے متعلق بہت سی غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں اور پوڈکاسٹ صرف اس نیت سے دوبارہ شیئر کیا ہے کہ لوگ اصل حمیرا اور ان کی زندگی کی جدوجہد کو جان سکیں۔

احمد علی بٹ کے مطابق، لوگ مختلف وجوہات کی بنا پر انٹرویو کے کلپس ایڈیٹ کر کے شیئر کر رہے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ سب مکمل پوڈکاسٹ خود دیکھیں۔












لائیو ٹی وی