• KHI: Partly Cloudy 18.7°C
  • LHR: Cloudy 12.3°C
  • ISB: Heavy Rain 13.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.7°C
  • LHR: Cloudy 12.3°C
  • ISB: Heavy Rain 13.3°C

’5اگست کے مقابلے میں 90 دن کا پلان کہاں سے آیا؟‘ عالیہ حمزہ ملک نے سوالات اٹھادیے

شائع July 13, 2025
فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ ملک نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے اعلان کردہ تحریک کے 90 دن کے پلان پر سوالات اٹھادیے۔

ڈان نیوز کے مطابق علی امین گنڈا پور کو تحریک سے پہلے اپنوں کا ہی سامنا کرنا پڑگیا، پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ نے تحریک کیلئے نوے دن کے پلان پر سوالات اٹھا دیے۔

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ ملک نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات کے مطابق میں پچھلے دو دن سے مصروف تھی، ایسی مصروفیات جن کا شاید مجھے بھی علم نہیں تھا!

انہوں نے استفسار کیا کہ وزیراعظم خان کی رہائی کے لیے کس لائحہ عمل کا کل یا آج اعلان ہوا ہے؟ تحریک کہاں سے اور کیسے چلے گی؟

انہوں نے سوال اٹھایا کہ 5اگست کے مقابلے میں 90 دن کاپلان کہاں سے آیا ہے؟ اگر آپ میں سے کسی کی نظر سے گزرا ہو تو میری بھی رہنمائی کر دیں!

واضح رہے کہ آج لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 90 روزہ تحریک کا آغاز ہوچکا، آر یا پار کریں گے، عمران خان خود پر ہونے والے ظلم کے باوجود پاکستان کی خاطر مذاکرات کیلئے تیار ہیں، بات فیصلہ سازوں سے ہوگی، فیصلہ ساز اپنے سے کسی کو بٹھا لیں تو ہمیں اعتراض نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں ہر گلی، کوچے، قصبے اور شہر سے لوگوں کو اکٹھا کریں گے اور پھر فیصلہ کریں گے کہ ہم نے مقامی سطح پر احتجاج کرنا ہے یا ایک جگہ جمع ہونا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا تھا کہ کل ہم نے 90 روزہ تحریک کا اعلان کردیا ہے کہ کیوں کہ عمران خان ہمیشہ تبدیلی کے حوالے سے 90کا کہا کرتے تھے، واضح پیغام ہے کہ 90 دن کل رات سے شروع ہوگئے ہیں اور ان 90 دنوں میں تحریک عروج پر لے جاکر آر یا پار کریں گے، یا تو ہم رہیں گے یا نہیں رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025