• KHI: Sunny 27.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.9°C
  • ISB: Cloudy 18.6°C
  • KHI: Sunny 27.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.9°C
  • ISB: Cloudy 18.6°C

موسیقی آسمانوں کی زبان ہے، اذان و نعت میں بھی راگ شامل ہوتے ہیں، فردوس جمال

شائع July 14, 2025
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

سینئر اداکار فردوس جمال نے موسیقی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسیقی آسمانوں کی زبان ہے اور اذان و نعت میں بھی راگ اور سُروں کا استعمال کیا جاتا ہے۔

حال ہی میں فردوس جمال نے ’آر ٹی ایس ود 24 پلس‘ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں فردوس جمال نے کہا کہ ہماری شوبز انڈسٹری کے بارے میں عوام کے ذہن میں عجیب سی اصطلاح ہے، وہ گانے تو سنتے ہیں لیکن گانے والوں سے نفرت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اذان دینا، قرأت کرنا اور گانا یہ سب موسیقی کی اقسام ہیں، خاص طور پر اذان میں موسیقی کے ہی سُروں کا استعمال کیا جاتا ہے، جو کہ راگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ راگ اور ٹھاٹ سے باہر کوئی قرأت اور اذان نہیں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے میری یہ بات کئی لوگوں کو ناگوار گزرے، لیکن یہ حقیقت ہے کہ اگر کوئی بغیر سُر کے اذان دے گا تو لوگ اسے جوتیاں ماریں گے، جب کہ عام طور پر اذان سُروں میں ہی دی جاتی ہے۔

اداکار کے مطابق اکثر اذان اور قرأت موسیقی کے ٹھاٹ بھیروی میں دی جاتی ہیں، نعت خواں اور مؤذن دونوں راگ پڑھتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم موسیقی کو غلط سمجھتے ہیں حالانکہ موسیقی آسمانوں کی زبان ہے، یعنی جنت میں بھی ہمیں موسیقی سنوائی جائے گی تاکہ انسان کو مزہ حاصل ہو۔

اداکار کے مطابق ضروری نہیں کہ جب ڈھول بجا کر کچھ پڑھا جائے تو ہی وہ موسیقی ہو، جنہیں لوگ ’مراسی‘ کہتے ہیں، جب وہی طرز نعت یا اذان میں ہوتی ہے تو سب تعریف کرتے ہیں کہ ’کیا خوب نعت سنائی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم موسیقی کے سُروں کے بغیر قرآن کی تلاوت بھی نہیں کر سکتے۔

فردوس جمال نے مزید کہا کہ ہم ایک سخت گیر معاشرے کا حصہ ہیں، ہم گلوکاروں کے لیے ناپسندیدہ الفاظ استعمال کرتے ہیں، ہم خود شوق سے موسیقی سنتے ہیں، لیکن اگر ہمارے درمیان سے کوئی گلوکار بن جائے تو ہم اس سے نفرت کرنے لگتے ہیں اور اسے کم درجے کا سمجھتے ہیں، یہ منافقت ہے، لیکن یہی ہماری سچائی ہے اور ہمیں اسی معاشرے میں رہنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025