• KHI: Clear 18.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C
  • KHI: Clear 18.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C

معاوضہ نہ ملنے پر اداکاری سے کنارہ کشی کی، فیضان خواجہ کا انکشاف

شائع July 14, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

’رخصتی، ایک نئی سنڈریلا، عشق تماشا اور روبرو‘ سمیت دیگر ڈراموں میں کام کرنے والے اداکار فیضان خواجہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بر وقت معاوضہ نہ ملنے اور اپنا ہی معاوضہ بھیک کی طرح مانگنے کے عمل سے تنگ آکر اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کی۔

فیضان خواجہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں اداکاروں کو بروقت معاوضے کی ادائیگی نہ ہونے سے متعلق انکشافات کیے اور یہ بھی بتایا کہ معاوضہ نہ ملنے پر ہی وہ اداکاری سے دور ہوئے۔

اداکار نے اسٹوریز میں لکھا کہ انہیں بار بار اپنا معاوضہ مانگنا پڑتا تھا، جس کے لیے وہ کافی عرصہ پہلے کام کر چکے تھے، اس لیے انہوں نے شوبز سے دوری کی۔

اداکار نے لکھا کہ معاوضہ نہ ملنے کا مسئلہ انفرادی نہیں بلکہ ایک منظم مسئلہ ہے جو ان بے شمار فنکاروں کو متاثر کرتا ہے جو اداکاری کو ذریعہ معاش بنائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ کورونا کے دوران بھی بہت سی پروڈکشن کمپنیوں نے بقایاجات کی ادائیگی نہیں کی حالانکہ وہ فنکاروں کی مالی کمزوریوں سے بخوبی واقف تھیں۔

فیضان خواجہ کے مطابق فنکاروں کو دو سال کی تاخیر کے بعد چیک بھجوائے جاتے، جن کی مدت ختم ہوچکی ہوتی، انہیں کیش نہیں کرایا جا سکتا تھا، یوں اداکار مفت میں کام کرنے پر مجبور رہتے۔

انہوں نے مرحومہ اداکارہ حمیرا اصغر کی مثال دی، جنہیں شدید مالی تنگی کے باوجود ادائیگیاں نہ ہونے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے لکھا کہ ہم میں سے بہت سے لوگ مسلسل دباؤ میں رہتے ہیں، کرایہ یا بجلی کے بل ادا نہیں کر سکتے لیکن پھر بھی خاموشی سے کام کرتے رہتے ہیں۔

فیضان خواجہ کے مطابق شوبز انڈسٹری کا اب یہی رجحان بن چکا ہے کہ خاموش رہو، کام کرتے رہو، بھیک مانگتے رہو۔ یہی نظام کا طریقہ بن چکا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ معاوضہ نہ ملنے کے مسائل سے دور وہ تنہا نہیں ہیں، بہت سے اداکار اس استحصال کو مزید برداشت نہ کر پانے کی وجہ سے شوبز انڈسٹری چھوڑ چکے ہیں۔

اداکار نے لکھا کہ بہت سارے لوگ انہیں پیغامات بھیج کر ان سے ٹی وی پر نہ آنے کا پوچھتے ہیں، وہ ایسے افراد کو بتانا چاہتے ہیں کہ ان کے کام نہ کرنے کا سبب معاوضہ نہ ملنا ہے۔

فیضان خواجہ سے قبل سینئر اداکار محمد احمد نے بھی ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ بہت سارے پروڈکشن ہاؤسز اداکاروں کو بروقت معاوضہ نہیں دیتے، اداکار ہاؤسز سے بھیک مانگتے رہتے ہیں۔

اس سے قبل بھی متعدد اداکار و اداکارائیں شوبز انڈسٹری میں بروقت معاوضہ نہ ملنے کی شکایت کرتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025