• KHI: Partly Cloudy 24.1°C
  • LHR: Sunny 19.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.1°C
  • LHR: Sunny 19.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.6°C

حالیہ مون سون میں 111 افراد ہلاک، مزید بارشوں سے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ

شائع July 15, 2025
پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے لیے سب سے زیادہ حساس ہیں — فوٹو: اے ایف پی
پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے لیے سب سے زیادہ حساس ہیں — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مون سون کی بارشوں سے اب تک 110 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں درجنوں بچے بھی شامل ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق آفات سے نمٹنے والے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) کے 26 جون سے 14 جولائی تک کے اعداد و شمار کے مطابق اموات کی سب سے بڑی وجہ کرنٹ لگنے کے واقعات رہے، اس کے بعد اچانک آنے والے سیلاب دوسرے نمبر پر رہے۔

جون کے آخر میں، کم از کم 13 سیاح اس وقت سیلابی ریلے میں بہہ کر ہلاک ہو گئے، جب وہ بلند دریا کے کنارے پر بارش سے بچنے کے لیے پناہ لیے ہوئے تھے۔

این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق حالیہ مون سون سیزن میں اب تک 111 افراد ہلاک ہوئے جن میں 53 بچے شامل ہیں، سب سے زیادہ اموات پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں ہوئیں۔

دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جن سے شہری سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بنیادی ڈھانچے کو تیز ہواؤں کے باعث نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

مون سون کا موسم جنوبی ایشیا میں سالانہ 70 سے 80 فیصد بارش لاتا ہے، جو بھارت میں جون کے اوائل میں اور پاکستان میں جون کے آخر میں آتا ہے اور ستمبر تک جاری رہتا ہے۔

سالانہ بارشیں زراعت، خوراک کی سلامتی، اور لاکھوں کسانوں کے روزگار کے لیے نہایت اہم ہیں۔

جنوبی ایشیا تیزی سے گرم ہو رہا ہے اور حالیہ برسوں میں وہاں موسم کے انداز بدل رہے ہیں، لیکن سائنسدانوں کو ابھی تک پوری طرح علم نہیں کہ کس طرح ایک گرم ہوتا ہوا سیارہ اس پیچیدہ موسمی نظام کو متاثر کر رہا ہے۔

پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے لیے سب سے زیادہ حساس ہیں اور اس کے 24 کروڑ باشندے اب زیادہ کثرت سے شدید موسمی حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔

2022 میں، پاکستان میں بے مثال مون سون سیلابوں نے ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب کر دیا تھا اور ایک ہزار 700 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں سے بعض علاقے اب تک مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکے، مئی میں شدید طوفانوں، جن میں ژالہ باری بھی شامل تھی، کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025