کراچی: ہاکس بے پر پکنک سے واپس جانے والی فیملی کی گاڑی نالے کی دیوار سے جا ٹکرائی، 4 افراد جاں بحق
کراچی ہاکس بے روڈ کے قریب پکنک مناکر واپس جانے والی پنجاب سے تعلق رکھنے والی فیملی کی تیز رفتار گاڑی نالے کی دیوار سے ٹکرا گئی، حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی ہاکس بے پر 10 افراد کی فیملی سے بھری کار نالے سے ٹکرانے کے حادثے میں خاتون اور 2 بچیوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے، جن میں سے 3 کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
انچارج سول ہسپتال ٹراما سینٹر ڈاکٹر عبد الرزاق نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ مجموعی طور پر 10 افراد کو سول ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے، 4 افراد اس افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہوئے ہیں، یہ پنجاب سے تعلق رکھنے والا خاندان ہے جو ہاکس بے پر پکنک مناکر واپس جارہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں سر میں اندرونی چوٹیں آئی ہیں، 3 زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ٹریفک پولیس پیر محمد شاہ حادثے کے مقام پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ رواں سال کا کراچی میں ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا حادثہ ہے، 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، پانچویں شخص کی موت واقع ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، یہ فیملی غالباً ہاکس بے سے واپس آرہی تھی کہ حادثہ ہوا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ فیملی کی حالت ایسی نہیں ہے کہ وہ کوئی بات کرسکے، یہ روڈ بھی خطرناک ہے، سڑک خالی ہونے کی وجہ سے ڈرائیور یہاں اوور اسپیڈنگ کرتے ہیں جس وجہ سے حادثات ہوتے ہیں، یہاں ٹریفک کی بہتری کے لیے اقدامات کریں گے۔













لائیو ٹی وی