پی ٹی آئی کے 5 اگست کو احتجاج کی کال پر اختلافات، عالیہ حمزہ کی عہدہ چھوڑنے کی دھمکی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 5 اگست کو احتجاج کی کال پر مرکزی اور پنجاب قیادت میں اختلافات سامنے آگئے، پنجاب کی چیف آرگنائزر نے 5 اگست کو احتجاج نہ کرنے پر عہدہ چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔
ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے عبوری چیئرمین بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر مرکزی رہنما 90 دن میں فائنل احتجاج کی کال پر قائم ہیں، تاہم پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ 5 اگست کو فائنل کال کے مؤقف پر ڈٹ گئی ہیں۔
اس سے قبل قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف 5 اگست کو اپنے بانی عمران خان کی گرفتاری کے 2 سال مکمل ہونے پر ملک گیر احتجاج کا اعلان کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی اور پنجاب کی قیادت اپنے اپنے مؤقف کے ساتھ آمنے سامنے آگئی ہیں، پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ پارٹی کو 5 اگست کے احتجاج پر قائم رہنا چاہیے، پنجاب میں وہ 5 اگست کو احتجاج کی کال دے سکتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالیہ حمزہ نے پنجاب کی تنظیم اور عہدیداروں کو 5 اگست کے احتجاج کی تیاریوں کی ہدایت بھی کر دی ہے۔
دوسری جانب بیرسٹر گوہر، علی امین گنڈاپور سمیت دیگر رہنما 90 دن میں فائنل کال کا مؤقف اپنائے ہوئے ہیں، تاہم پنجاب کی چیف آرگنائزر نے احتجاج نہ کرنے پر عہدہ چھوڑنےکی دھمکی دے دی ہے۔
مرکزی قیادت نے مقامی عہدیداروں کی خواہش کے مطابق احتجاج میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پیغام پر ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے 5 اگست کو احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔













لائیو ٹی وی