• KHI: Partly Cloudy 16.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C

شام 5 بجے کے بعد زیادہ کیلوریز لینے سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، تحقیق

شائع July 16, 2025
—اسٹاکسی
—اسٹاکسی

حالیہ طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ شام 5 بجے کے بعد زیادہ کیلوریز لینے سے انسانی جسم میں بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے، جس سے ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

طبی ویب سائٹ میں شائع رپورٹ کے مطابق، جو لوگ شام 5 بجے کے بعد دن کی مجموعی کیلوریز کا 45 فیصد یا اس سے زیادہ حصہ غذا میں لیتے ہیں، ان میں گلوکوز کو پراسیس کرنے کی صلاحیت کمزور ہو جاتی ہے۔

یہ مسئلہ اس وقت مزید سنگین ہو جاتا ہے، جب سونے کا وقت قریب ہو کیونکہ اُس وقت جسم انسولین پر مؤثر طریقے سے ردعمل نہیں دے پاتا۔

ماہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شام کے اوقات میں انسولین مؤثر طریقے سے کام نہیں کرتی اور کھانے کے بعد گلوکوز کی سطح دیر تک بلند رہتی ہے، جس سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا ہے کہ انسان کا نظامِ ہاضمہ دن کے ابتدائی حصے میں بہتر طریقے سے کام کرتا ہے، جب کہ رات کے وقت جسم نیند کے لیے تیار ہو رہا ہوتا ہے، جس کے باعث میٹابولزم کی رفتار سست پڑ جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر کوئی شخص شام کو کیلوریز سے بھرپور کھانا کھاتا ہے اور فوراً سو جاتا ہے، تو وہ کھانا توانائی کے طور پر استعمال ہونے کے بجائے چربی میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ ذیابیطس سے بچاؤ اور بلڈ شوگر کنٹرول کے لیے کھانے کا وقت مقرر کرنا بے حد ضروری ہے۔

بہتر یہی ہے کہ شام 5 بجے کے بعد ہلکی اور کم مقدار میں غذا لی جائے اور سونے سے چند گھنٹے پہلے کھانے سے پرہیز کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025