• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

خیرپور: قومی شاہراہ پر تیز رفتار وین الٹ جانے سے 6 مسافر جاں بحق، 16 زخمی

شائع July 17, 2025
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

ضلع خیرپور کے قریب گمبٹ ٹاؤن میں تیز رفتار مسافر وین الٹ جانے 6 مسافر جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے، وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ق ایک تیز رفتار مسافر وین جو سکھر سے سیہون جا رہی تھی، قومی شاہراہ پر درگاہ مسکین پور، گمبٹ ٹاؤن کے قریب پچھلا ٹائر پھٹ جانے کے باعث سڑک کنارے اُلٹ گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے۔

مقامی لوگ اور موقع پر موجود افراد فوراً جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور وین میں پھنسے زخمی مسافروں اور لاشوں کو نکالا۔

اسی دوران ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے لاشوں اور زخمیوں کو گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمز) منتقل کیا۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت وین ڈرائیور ارشد بھٹی (عمر 35 سال، رہائشی مَلکو وھاں گاؤں)، شمع بیگم (عمر 60 سال، رہائشی مسکین پور)، مائی زہرہ خاتون (عمر 18 سال، رہائشی پنو عاقل)، صفیہ (عمر 30 سال)، 4 سالہ اویس جتوئی (رہائشی پنو عاقل) اور غلام حیدر مگنیجو (رہائشی ہنگورجہ) کے طور پر ہوئی۔

زخمی ہونے والے سولہ مسافروں میں منظوراں، راحت خاتون، حیدر علی، وزیر علی، کائنات، آصف علی، ازمان، سجن، صمد، رفیق علی، محمد علی، سمائی خاتون، ذوہیب علی، ماریہ، پروین اور توحیدہ شامل ہیں۔

معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا جبکہ شدید زخمی مسافر گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج ہیں، جبکہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، کمشنر سے رپورٹ طلب

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکھر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر سکھر کو ہدایت کی ہے کہ زخمی مسافروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سڑک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025