• KHI: Partly Cloudy 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C

بہاولپور: ہزار روپے کیلئے تیر کر نہر عبور کرنے کی کوشش میں بزرگ شہری جان کی بازی ہارگیا

شائع July 18, 2025
— فائل فوٹو: سوشل میڈیا
— فائل فوٹو: سوشل میڈیا

پنجاب کے ضلع بہاولپور میں اوچ شریف کے قریب عباسیہ لنک کینال کو ایک ہزار روپے کے لیے تیر کر عبور کرنے کی کوشش میں بزرگ شہری جان کی بازی ہار گیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 کے ذرائع نے بتایا کہ کچھ مقامی افراد نے ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم 66 سالہ شبیر کو بڑی اور گہری نہر کو تیر کر عبور کرنے کا چیلنج دیا اور شرط رکھی کہ اگر وہ یہ کارنامہ سرانجام دے گا تو اسے ایک ہزار روپے دیے جائیں گے، شبیر نہ تو تربیت یافتہ تیراک تھا اور نہ ہی اس مشقت کے لیے موزوں تھا۔

عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شبیر نہر میں کودتے ساتھ ہی ڈوبنے لگا تو وہاں موجود افراد اس کی مدد کرنے کے بجائے ہنستے رہے اور اس کی ویڈیو بناتے رہے، بعد میں یہی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ بھی کر دی گئی۔

جب وہ مکمل طور پر پانی میں غائب ہو گیا تو کسی نے ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی، ریسکیو ٹیم پہنچی تو شبیر دم توڑ چکا تھا، بعدازاں اس کی لاش نکال کر ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور صارفین نے ان لوگوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جنہوں نے شبیر کو شرط کے لیے اکسایا اور بعد میں ان کی مدد نہیں کی، تاحال اوچ شریف پولیس کی جانب سے اس افسوسناک واقعے پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025