اسحٰق ڈار سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ
نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار اگلے ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکا کا دورہ کریں گے، جبکہ ان کی واشنگٹن میں دیگر ’مخصوص‘ مصروفیات بھی ہوں گی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحٰق ڈار اپنے دورے میں نیویارک میں پاکستان کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے حوالے سے دستخط کرنے کی تقریب میں شرکت کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کے مباحثے کی صدارت کریں گے، جس میں ’بین الاقوامی امن اور سلامتی کو فروغ دینا اور تنازعات کے پرامن تصفیہ‘ پر گفتگو کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق اعلیٰ سطح کے مباحثے کا مقصد کثیرالجہتی استحکام کے طریقے تلاش کرنا اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے سفارت کاری اور ثالثی کو بڑھانا ہے۔
مزید برآں نائب وزیراعظم وو زیر خارجہ اسحٰق ڈار ’مشرق وسطیٰ کی صورت حال، فلسطین کا سوال‘ کے موضوع پر سلامتی کونسل کے سہ ماہی مباحثے کی صدارت کریں گے ۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحٰق ڈار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک اعلیٰ سطح کی بریفنگ کی بھی صدارت کریں گے، جس میں اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے درمیان تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یہ اجلاس بین الاقوامی امن اور سلامتی کے قیام کے لیے او آئی سی اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم اور غیر متزلزل حمایت کے اظہار کے لیے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ ’مسئلہ فلسطین کے سوال کے پرامن حل اور دو ریاستی حل کے نفاذ‘ کے موضوع پر اعلیٰ سطح کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔
نیویارک میں اپنے قیام کے دوران اسحٰق ڈار کی اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے سینئر حکام کے ساتھ بھی متعدد ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
دفتر خارجہ کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار کا نیویارک اور واشنگٹن کا دورہ کثیر الجہتی فورمز میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار اور اہمیت کے ساتھ ساتھ امریکا کے ساتھ بڑھتے ہوئے کثیر الجہتی تعلقات کی مثال ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان نے آٹھویں بار اقوام متحدہ کی 15 رکنی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالی، اس سے قبل 2013 میں پاکستان کو اس کی صدارت کا اعزاز حاصل ہوا تھا، اسلام آباد نے جنوری 2025 میں غیر مستقل رکن کے طور پر اپنے موجودہ دو سالہ دور کا آغاز کیا اور یہ 2026 کے آخر تک جاری رہے گا۔
پاک-امریکا تعلقات میں اس وقت ایک بڑی بہتری آئی تھی، جب ٹرمپ نے گزشتہ ماہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے وائٹ ہاؤس میں غیر معمولی ملاقات کی تھی۔












لائیو ٹی وی