بھارتی حکومت کا دباؤ، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ کا پاکستان کیخلاف میچ سے دستبردار ہونے کا امکان
بھارت ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز لیگ کے دوران بھی سیاست کو بیچ میں لے آیا ہے، بھارتی ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں نے شاہد آفریدی کی پاکستان ٹیم میں شمولیت پر اعتراض اُٹھا دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق برطانیہ میں جاری ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز لیگ میں پاکستان اور بھارت کے لیجنڈ کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ شیڈول ہے۔
تاہم بھارتی حکومت کے شدید دباؤ پر سابق فاسٹ باؤلر عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ نے سابق کپتان شاہد آفریدی کے پاکستان ٹیم کا حصہ ہونے پر اعتراض کرتے ہوئے مینجمنٹ کو پیغام دیا کہ اگر شاہد آفریدی پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوئے تو وہ پاکستان کے خلاف میچ سے دستبردار ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق سابق کپتان شاہد آفریدی انجری کا شکار ہیں اور بھارت کیخلاف میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہے، جبکہ انگلینڈ کیخلاف میچ میں بھی شاہد آفریدی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے۔
خیال رہے کہ پہلگام واقعے اور پاک بھارت جنگ کے بعدپاکستان اور بھارت کاکرکٹ میں یہ پہلا ٹاکرا ہے۔
قبل ازیں، ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز لیگ کے پہلے میچ میں پاکستانی لیجنڈز پر مشتمل ٹیم نے میزبان انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستانی اسکواڈ
پاکستانی لیجنڈز پر مشتمل ٹیم کی قیادت محمد حفیظ کر رہے ہیں، قومی اسکواڈ میں سابق کپتان شاہد آفریدی، فواد عالم، کامران اکمل، عماد وسیم ٹیم میں شامل ہیں۔
سابق کپتان شعیب ملک، سہیل تنویر، وہاب ریاض اور آصف علی اسکواڈ کا حصہ ہیں، عامر یامین، عمر امین، رومان رئیس ، شرجیل خان اور سہیل خان بھی قومی ٹیم میں شامل ہیں۔












لائیو ٹی وی