• KHI: Partly Cloudy 16.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.4°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.4°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.2°C

امریکا تارکین وطن کی حراست کی گنجائش میں توسیع کرے گا، 45 ارب ڈالر کے فنڈز جاری

شائع July 20, 2025
فلوریڈا میں تارکین وطن کے حراستی مرکز کے بارے میں طبی غفلت اور بدسلوکی کے الزامات بڑھتے جا رہے ہیں
—فوٹو: اے ایف پی
فلوریڈا میں تارکین وطن کے حراستی مرکز کے بارے میں طبی غفلت اور بدسلوکی کے الزامات بڑھتے جا رہے ہیں —فوٹو: اے ایف پی

امریکی امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) ملک بھر میں تارکینِ وطن کے لیے خیمہ کیمپ قائم کرنے کی دوڑ میں مصروف ہے، اسے حال ہی میں 45 ارب ڈالر کی نئی فنڈنگ موصول ہوئی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع عالمی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق وال اسٹریٹ جرنل نے ہفتے کے روز رپورٹ کیا کہ ایجنسی اس سال کے اختتام تک اپنی حراستی گنجائش کو 40 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ بستروں تک لے جانے کی کوشش کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایجنسی بڑے پیمانے پر خیموں کی سہولتوں کو فوجی اڈوں اور آئی سی ای جیلوں میں ترجیح دے رہی ہے، جن میں ٹیکساس کے فورٹ بلیس میں 5 ہزار بستروں کی سائٹ اور کولوراڈو، انڈیانا، اور نیو جرسی میں دیگر مقامات شامل ہیں۔

محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے اعلیٰ امریکی حکام، بشمول وزیر ہوم لینڈ سیکیورٹی کرسٹی نوئم نے نجی جیل کمپنیوں کے بجائے ریپبلکن ریاستوں اور مقامی حکومتوں کے زیر انتظام حراستی مراکز کو ترجیح دینے کا اظہار کیا ہے۔

کرسٹی نوئم نے گزشتہ ہفتے فلوریڈا میں پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ وہ 5 ریپبلکن قیادت والی ریاستوں کے ساتھ مزید حراستی مراکز کی تعمیر کے لیے بات چیت کر رہی ہیں، جو فلوریڈا میں واقع ’ایلیگیٹر الکاٹراز‘ جیسی سہولت سے متاثر ہیں۔

ایلیگیٹر الکاٹراز

فلوریڈا میں تارکین وطن کے حراستی مرکز ’ایلیگیٹر الکاٹراز‘ کے بارے میں طبی غفلت اور زبانی بدسلوکی کے الزامات بڑھتے جا رہے ہیں۔

نیوز ویک نے ایک زیر حراست شخص کے وکیل اور دوسرے کے دوست سے بات کی، جنہوں نے ایورگلیڈز کے دور دراز مقام پر واقع اس مرکز کے اندر کے خوفناک حالات بیان کیے۔

وکیل فلپ ارویو نے بتایا کہ ان کے مؤکل (جو ایک پرانے امریکی رہائشی اور ڈی اے سی اے کے وصول کنندہ ہیں) کو صرف ایک معمولی ٹریفک خلاف ورزی کے بعد اس جیل میں منتقل کر دیا گیا، اور پھر بیماری کے بعد طبی دیکھ بھال سے محروم رکھا گیا، ارویو نے اپنے مؤکل کا نام ظاہر نہیں کیا، کیونکہ انہیں انتقامی کارروائی کا خدشہ تھا۔

کمبرلی گبسن (شانٹی گبسن کی والدہ) نے بتایا کہ ان کے بیٹے کے دوست بریڈن کیش-براون کو کئی گھنٹے بغیر خوراک یا پانی کے رکھا گیا، اسے آمد پر صرف آدھا کپ پانی دیا گیا، اور وہ مبینہ طور پر آلودہ پانی پینے کے بعد بیمار ہو گیا۔

پس منظر

یہ دور دراز حراستی مرکز ریاست فلوریڈا کو سالانہ تقریباً 45 کروڑ ڈالر میں پڑے گا، یہ تجویز اس وقت پیش کی گئی، جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ امریکا کی تاریخ کی سب سے بڑی اجتماعی ملک بدری کی کارروائی شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ حراستی مرکز فلوریڈا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

نیوز ویک کو متعدد ذرائع سے مرکز کے اندر گندگی، زیادہ بھیڑ، اور غیر انسانی حالات کی اطلاعات ملی ہیں۔

وکیل ارویو نے بتایا کہ ان کے مؤکل نے فون پر بتایا کہ مرکز میں 24 گھنٹے لائٹیں جلتی رہتی ہیں، جس کی وجہ سے سونا تقریباً ناممکن ہے، بیت الخلا اوور فلو ہو رہے ہیں، خوراک اور پانی نہایت کم دیا جاتا ہے، اور محافظوں کی طرف سے زبانی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025