• KHI: Partly Cloudy 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C

ہم جنس پرستی کے واقعات پر صرف فیشن انڈسٹری کو موردِ الزام ٹھہرانا درست نہیں، نادیہ حسین

شائع July 21, 2025
— ریویو پی کے
— ریویو پی کے

اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین کا کہنا ہے کہ ہم جنس پرستی جیسے حساس معاملات پر صرف فیشن انڈسٹری کو نشانہ بنانا درست نہیں، کیونکہ یہ مسائل معاشرے کے مختلف طبقات میں موجود ہیں۔

نادیہ حسین ’پوڈکاسٹ 5‘ شو کی مہمان بنیں جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں نادیہ حسین نے کہا کہ انہوں نے دندان سازی کی تعلیم حاصل کی ہے اور شادی کے بعد کچھ عرصے تک انہوں نے اس شعبے میں نوکری بھی کی۔

نادیہ حسین نے کہا کہ اس دوران ان کا پہلا بچہ بھی ہوگیا تھا اور نوکری کے ساتھ ساتھ وہ ماڈلنگ بھی کر رہی تھیں، ماڈلنگ سے انہیں نوکری کی نسبت زیادہ پیسے مل رہے تھے اور نوکری میں وہ زیادہ تھک بھی جاتی تھیں، اسی لیے انہوں نے ماڈلنگ کو بطور کیریئر اختیار کر لیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ انہوں نے دندان سازی کو مکمل طور پر چھوڑ دیا ہو، انہوں نے اپنا ایک کلینک کھولنے کی بھی کوشش کی تھی لیکن بچوں کی دیکھ بھال اور زیادہ محنت درکار ہونے کی وجہ سے یہ ارادہ ترک کر دیا۔

نادیہ حسین کے مطابق جس وقت انہوں نے ماڈلنگ کا آغاز کیا، اس وقت بہت سی نامور ماڈلز اس شعبے کو چھوڑ رہی تھیں، کچھ ملک سے باہر جا رہی تھیں، جب کہ کچھ دیگر مصروفیات میں مصروف تھیں، اس لیے انہیں اس فیلڈ میں آسانی سے جگہ مل گئی۔

انہوں نے کہا کہ ماڈلنگ میں نئے چہروں کی تلاش جاری تھی اور لوگوں کو ان کا چہرہ پسند آیا، وہ چاہتے تھے کہ وہ ہر فیشن شو کا حصہ بنیں۔

پوڈکاسٹ کے دوران نادیہ حسین سے سوال کیا گیا کہ آیا شوبز اور فیشن انڈسٹری میں ہم جنس پرستی موجود ہے یا نہیں تو ان کا اس پر ایک واضح مؤقف تھا۔

نادیہ حسین نے کہا کہ صرف ایک انڈسٹری کو اس حوالے سے نشانہ بنانا درست نہیں، اگر کوئی صرف اس فیلڈ کو بدنام کرنا چاہتا ہے تو کرلے۔

انہوں نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے پروگرام کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کو یاد دلایا، جس میں ایک لڑکی نے مذہبی مدارس میں ایسے واقعات پر سوال کیا تھا، مگر اسے اس کا مناسب جواب نہیں دیا گیا۔

نادیہ حسین نے مزید کہا کہ وہ برسوں سے شمالی علاقہ جات میں ایسے واقعات کے بارے میں سنتی آ رہی ہیں، جہاں نہ میڈیا کی رسائی ہے اور نہ ہی احتساب کا کوئی نظام، بلکہ ان لوگوں کو بعض اداروں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کو اپنا ذہن کھولنے کی ضرورت ہے اور حالات کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے، نہ کہ کسی فیلڈ کو فوراً بدنام کرنا چاہیے، ہمیں بحیثیت معاشرہ ایک دوسرے کی اصلاح کرنی چاہیے۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ اس بات سے مکمل اتفاق کرتی ہیں کہ یہ (ہم جنس پرستی) غلط ہے، تاہم اسے صرف فیشن انڈسٹری سے جوڑنا اور محض اسی شعبے کو موردِ الزام ٹھہرانا درست نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025