پاکستان اور افغانستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے پر دستخط
پاکستان اور افغانستان کے مابین ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) طے پا گیا۔
اسلام آباد میں افغان سفارت خانے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فریقین نے اسلام آباد میں ترجیحی تجارتی معاہدے پر باقاعدہ دستخط کر دیے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے وزارت صنعت و تجارت کے نائب وزیر ملا احمداللہ زاہد اور پاکستان کی جانب سے جواد پال نے معاہدے پر دستخط کیے۔
ترجمان افغان سفارت خانے کے مطابق اس معاہدے کے تحت پاکستان کو برآمد کی جانے والی افغان اشیا پر عائد شرح ٹیرف کم ہو کر 27 فیصد ہو جائے گی، پہلے یہ شرح 60 فیصد سے زائد تھی۔
مزید بتایا کہ افغانستان کی جانب سے انگور، انار، سیب اور ٹماٹر پاکستان کو برآمد کیے جا رہے ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے افغانستان کو برآمد کی جانے والی اشیا میں آم، کینو، کیلے اور آلو شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ یہ معاہدہ یکم اگست سے نافذ العمل ہوگا، ابتدائی طور پر پاکستان افغانستان ترجیحی تجارت کے معاہدے کا دورانیہ ایک سال ہوگا اور یہ قابل تجدید ہے۔
ترجمان افغان سفارت خانے کے مطابق مستقبل میں اس معاہدے میں مزید اشیا کی شمولیت بھی کی جا سکتی ہے۔












لائیو ٹی وی