پریش راول کا پیشاب سے علاج پر ہونے والی تنقید پر طنزیہ ردعمل
بھارتی فلموں کے سینئر اداکار پریش راول نے پیشاب سے علاج پر ہونے والی تنقید پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے خود پیا تھا کسی اور کو تو پیش نہیں کیا؟
چند مہینے قبل پریش راول نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کے گھٹنے پر چوٹ لگ گئی تھی اور انہوں نے اجے دیوگن کے والد ویرو دیوگن کے مشورے پر اپنا پیشاب پی کر اس چوٹ کا علاج کیا تھا۔
اداکار نے کہا کہ انہوں نے ویرو دیوگن کی بات ماننے کا فیصلہ کیا اور یہ منصوبہ بنایا کہ صبح کے وقت وہ اپنے پیشاب کو پانی کی طرح نہیں بلکہ شراب کی طرح گھونٹ گھونٹ کر پئیں گے۔
پریش راول نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایسا ہی کیا اور کچھ دن بعد جب ان کا ایکسرے کیا گیا تو ڈاکٹرز بھی حیران رہ گئے، ان کا زخم ٹھیک ہوچکا تھا اور چند ہی دنوں میں انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔
تاہم، ان کے اس انکشاف پر سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت نے ان کا مذاق اڑایا اور شدید تنقید بھی کی تھی۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں پریش راول نے خود پر ہونے والی تنقید کا طنزیہ انداز میں جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے تو کسی کو پیشاب پیش نہیں کیا، ہے نا؟ یا ان کو اس لیے مسئلہ ہے کہ انہوں نے انہیں نہیں دیا؟ کیا ناقدین یہ سوچ رہے ہیں کہ اس نے خود تو پی لیا اور ہمیں نہیں دیا؟
اداکار نے مزید کہا کہ یہ ان کی ذاتی زندگی کا ایک پرانا تجربہ ہے، جو انہوں نے 40 سال قبل کیا تھا اور اب اس کے بارے میں بتایا ہے، آخر سب ایک چھوٹی سی بات پر اتنا شور کیوں مچا رہے ہیں؟
پریش راول کا کہنا تھا کہ لوگوں کو رائی کا پہاڑ بنانے کا شوق ہوتا ہے، چلو بنانے دو، مزے لینے دو۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں یہ بھی کہا کہ اس انکشاف کے بعد کئی افراد نے نجی طور پر ان سے اس علاج سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی، مگر انہوں نے تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔












لائیو ٹی وی