• KHI: Partly Cloudy 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.1°C

غزہ میں خوراک کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے پر اسرائیل کی شدید مذمت کرتے ہیں، وزارت خارجہ

شائع July 24, 2025
فائل فٹو:  وزارت خارجہ
فائل فٹو: وزارت خارجہ

وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ اور فلسطین کے عوام تک خوراک، پانی اور بنیادی ضروریات تک رسائی میں رکاوٹ ڈالنے کی مسلسل کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ شفت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی افواج کی مسلسل کھلی جارحیت، جس کے نتیجے میں درجنوں معصوم شہریوں بشمول بزرگ، خواتین اور بچے شہید ہو رہے ہیں، کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کی جانب سے غزہ اور فلسطین کے عوام تک خوراک، پانی اور بنیادی ضروریات تک رسائی میں رکاوٹ ڈالنے کی مسلسل کوششوں کی بھی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسی UNRWA کے مطابق غزہ میں ہر 10 میں سے 1 بچہ اسرائیلی محاصرے کے باعث غذائی قلت کا شکار ہے، جس سے انسانی ساختہ قحط کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، فلسطینی عوام کی نسل کشی کا خاتمہ، غیر انسانی محاصرہ ختم کرنے اور فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی فوری ترسیل کا مطالبہ دہراتا ہے۔

انہوں نےکہا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار، امریکا کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی اور فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے شام پر حالیہ حملوں کی بھی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ چارٹر کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے، یہ بلا جواز حملے اسرائیل کی خطے میں بے روک ٹوک خطرناک جارحیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان شام کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کو ایسی جارحانہ کارروائیوں سے باز رکھے جو پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان شامی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے اور ملک اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنی مضبوط حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025