حکیم شہزاد کی سیاست میں انٹری، دو بیویوں سمیت کاغذات نامزدگی جمع کروانے پہنچے
ٹک ٹاکر حکیم شہزاد لوہا پاڑ نے سیاست میں قدم رکھتے ہوئے پنجاب کے علاقے مظفر گڑھ میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔
حکیم شہزاد نے مظفر گڑھ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 میں ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، وہ اپنی دو بیویوں کے ہمراہ کاغذات جمع کروانے پہنچے۔
حکیم شہزاد کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن سمیت پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے مضبوط امیدواروں سے ہوگا، مذکورہ حلقے کی نشست جمشید دستی کی نااہلی کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔
کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت حکیم شہزاد کے ہمراہ ان کی سب سے چھوٹی بیوی ٹک ٹاکر دانیہ شاہ بھی ساتھ تھیں جب کہ ان کی دوسری اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
حکیم شہزاد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ایک بیوی کا تعلق مظفر گڑھ سے ہے، وہاں ان کے سسرالی رہتے ہیں، پورا مظفر گڑھ انہیں جانتا ہے، مذکورہ علاقہ ان کے لیے غیر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ اتنے مشہور ہو چکے ہیں کہ انہیں امریکا، آسٹریلیا اور برازیل کے لوگ بھی جانتے ہیں، پوری مظفر گڑھ کی برادری اور عوام ان کا ساتھ دے گی۔
ایک سوال کے جواب میں حکیم شہزاد نے بتایا کہ ان کی انتخابی مہم میں دانیہ شاہ ان کے ساتھ ہوں گی، کوئی بھی ان کی بیوی کے ساتھ ہونے پر اعتراض نہیں کرے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دانیہ شاہ سمیت تمام بیویاں ان کا ساتھ دیں گی، ان کے بھائیوں سمیت خاندان کے دوسرے افراد بھی ان کے ساتھ ہیں جب کہ برادری کے لوگ بھی انہیں ہی ووٹ دیں گے۔












لائیو ٹی وی