غربت کی وجہ سے طلاقیں ہوئیں، سابق بیویوں کا کوئی قصور نہیں تھا، شمعون عباسی
سینئر اداکار شمعون عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے غریب ہونے کی وجہ سے ان کی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں، شادیاں ٹوٹنے میں ان کی سابق بیویوں کا کوئی قصور نہیں۔
شمعون عباسی حال ہی میں ’نیو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، سابقہ شادیوں سمیت بیماری سے متعلق بھی گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کے اب بھی سابق بیویوں جویریہ عباسی اور حمائمہ ملک سے اچھے تعلقات ہیں، دونوں کے ساتھ ان کے دوستانہ روابط برقرار ہیں۔
ان کے مطابق شادیاں ٹوٹنے کے کچھ عرصے بعد ان سمیت ان کی سابق بیویوں کا بھی اپنی اپنی غلطیوں کا احساس ہوا، اس لیے ان کے درمیان کبھی تلخی نہیں ہوئی، کبھی نفرت نہیں ہوئی اور دوستانہ تعلقات برقرار رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غصے میں ان سمیت ان کی سابق بیویوں نے بھی ایک دوسرے پر الزامات لگائے ہوں گے لیکن بعد میں تمام نے صبر سے سوچا ہوگا اور پھر ایک دوسرے کی اچھی باتیں یاد کرکے ایک دوسرے سے اچھے تعلقات استوار کیے۔
شمعون عباسی نے یہ بھی کہا کہ آج نہ صرف وہ پہلے کے مقابلے زیادہ خوشحال ہیں بلکہ ان کی دونوں سابقہ بیویاں جویریہ عباسی اور حمائمہ ملک بھی ان سے بہتر زندگی گزار رہی ہیں۔
انہوں نے دونوں سابقہ بیویوں کی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہوں نے اپنی محنت سے مقام بنایا، اگرچہ ان کا دونوں بیویوں کے کیریئر میں کچھ ہاتھ ضرور ہے لیکن وہ اپنی محنت سے مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی شادیاں دراصل غربت کی وجہ سے ہی ٹوٹیں، ان کی طلاقوں میں سابقہ بیویوں کی کوئی غلطی نہیں۔
اداکار کے مطابق ماضی میں ان کے مالی حالات اچھے نہیں تھے اور ان کی بیویوں کی ان سے زیادہ توقعات تھیں اور ان کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے، جس وجہ سے ان کے راستے الگ ہوئے۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ ماضی میں انہوں نے اتنی غربت دیکھی کہ وہ کچھ دن تک بھوکے بھی رہے، وہ ڈھابہ ہوٹل کی چھت پر رہتے تھے، اسی ہوٹل سے ادھار پر کھانا کھاتے تھے، 350 روپے تک ادھار لینے کے بعد ان کی ادھار بند بھی کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بسوں کی چھتوں پر بیٹھ کر سفر کیا، غربت دیکھی لیکن انہیں احساس تھا کہ انہیں ان کی محنت کا بدلہ ملے گا اور پھر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ ان کا اپنا بڑا گھر تھا، جس کی پارکنگ میں چار چار گاڑیاں موجود تھیں۔
اگرچہ اداکار نے بتایا کہ ان کی دونوں شادیاں غربت کی وجہ سے ختم ہوئیں، تاہم انہوں نے واضح طور پر کھل کر سابقہ بیویوں کے مطالبوں پر بات نہیں کی اور بتایا کہ ان کی سابق بیویوں کی خواہشات اور توقعات زیادہ تھیں، جس وجہ سے ان کی شادیاں زیادہ عرصہ نہ چل سکیں۔
خیال رہے کہ شمعون عباسی نے اپریل 2023 میں اداکارہ شیری شاہ سے تیسری شادی کی تھی، اس سے قبل ان کی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں۔
شمعون عباسی نے جویریہ عباسی سے جوانی میں 1997 میں شادی کی تھی تاہم دونوں نے 2007 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
دونوں کے ہاں شادی کے دو سال بعد بیٹی عنزیلہ عباسی کی پیدائش ہوئی تھی، جو اس وقت اداکاری کرتی دکھائی دیتی ہیں اور وہ اپنی والدہ کے ہمراہ رہتی ہیں۔
بعد ازاں 2010 میں شمعون عباسی نے اداکارہ حمائمہ ملک سے شادی کی تھی جو صرف 3 سال ہی چل سکی اور اس جوڑے نے 2013 میں اپنے راستے الگ کرلیے تھے۔












لائیو ٹی وی