رنویر سنگھ کی فلم میں بینظیر بھٹو کی تصویر اور پی پی کے جھنڈے کا استعمال
رنویر سنگھ کی آنے والی پاکستان مخالف بولی وڈ فلم ’دھرندر‘ میں پاکستانی پرچم کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے جھنڈے، بینرز اور بینظیر بھٹو کی تصویر کو استعمال کیے جانے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
’دھرندر‘ کے کرداروں اور ایکشن مناظر کے جاری کیے گئے ٹیزر میں پیپلز پارٹی کے بینرز، جھنڈے اور بینظیر بھٹو کی تصویر کو بھی دکھایا گیا۔
جاری کیے گئے ٹیزر میں فلم کے مرکزی کرداروں کو دکھایا گیا ہے، جن میں رنویر سنگھ، سنجے دت، اکشے کھنہ اور ارجن رام پال سمیت دیگر کو بھی دکھایا گیا ہے۔
فلم کے ٹیزر، مناظر اور کرداروں سے معلوم ہوتا ہے کہ اس میں پاکستان مخالف بیانیے کو پیش کیا گیا ہے۔
فلم کے جاری کیے گئے مناظر کی ویڈیو میں پاکستان پولیس کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔
پاکستان پولیس کی جانب سے سنجے دت کے کردار کو گرفتار کرنے کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں جب کہ رنویر سنگھ کی جانب سے قتل و غارت گری کرنے کے مناظر بھی ممکنہ طور پر پاکستانی علاقوں میں دکھائے گئے ہیں۔
مذکورہ مناظر سے قبل فلم کی شوٹنگ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں پاکستانی پرچم کو لہراتے دیکھا گیا تھا، جس پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے رنویر سنگھ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے لکھا تھا کہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے پر دلجیت دوسانجھ کا بائیکاٹ کیا گیا، اب ایسے لوگ رنویر سنگھ کا بائیکاٹ کیوں نہیں کر رہے؟
اب اسی فلم کے مناظر میں پیپلز پارٹی کے بینرز، پوسٹرز، جھنڈے اور بینظیر بھٹو کی تصاویر سمیت پاکستانی پولیس کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی کے بعض مناظر پاکستان میں بھی دکھائے جائیں گے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’دھرندر‘ کی کہانی کیا ہے لیکن بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ فلم میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایک اہلکار کے انتہائی خفیہ اور بڑے مشن کو دکھایا جائے گا جو کہ قومی سلامتی کے معاملات پر کئی سازشوں کو بے نقاب کرتے دکھائی دیں گے۔
بعض رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ ہی خفیہ ایجنسی کے اہلکار کے روپ میں نظر آئیں گے اور ماضی کی متعدد فلموں کی طرح اس فلم میں بھی پاکستان کے خلاف زہر اگلا جائے گا۔












لائیو ٹی وی