مخدوش سیکیورٹی صورتحال: باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند میں 3 دن کیلئے کرفیو نافذ

شائع July 29, 2025
31 جولائی شام 5 بجے تک علاقہ مکینوں کے گھروں سے نکلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
31 جولائی شام 5 بجے تک علاقہ مکینوں کے گھروں سے نکلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے باجوڑ میں 3 دن کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا، کرفیو تحصیل لوئی ماموند میں نافذ کیا گیا ہے جس کا ضلعی انتظامیہ نے اعلامیہ جاری کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق یہ فیصلہ مخدوش سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے کیا گیا ہے، اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سڑکوں پر گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی، اس پابندی کا مقصد شدت پسندوں کے خلاف کارروائی ہے۔

تحصیل لوئی ماموند میں کرفیو کے حوالے سے باجوڑ کی ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ علاقہ مکینوں کے گھروں سے نکلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، نقل و حرکت پر یہ پابندی آج سے 31 جولائی شام 5 بجے تک نافذ العمل ہوگی۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف قبائلی اضلاع میں شدت پسندوں کی جانب سے دہشت گردی کی وارداتیں انجام دی جارہی ہیں، ان وارداتوں میں فورسز، شہریوں پر حملے اور بم دھماکے کرنا شامل ہے۔

ضلع بنوں میں تواتر کے ساتھ پولیس اسٹیشنز اور چوکیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، بعض علاقوں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کواڈ کاپٹر حملوں کے ذریعے سویلین آبادیوں میں بھی حملے کیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025