• KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C
  • KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C

مرد اپنی عزت کو عورت کے لباس سے کیوں جوڑتے ہیں؟ فضیلہ قاضی کا دوٹوک سوال

شائع July 30, 2025
— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے معاشرتی رویوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی بہت سے مرد اپنی عزت کا پیمانہ عورت کے لباس سے جوڑتے ہیں، جو ایک افسوسناک سوچ ہے۔

فضیلہ قاضی نے حال ہی میں سما ٹی وی کے ’گڈ مارننگ‘ پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی نظر میں اچھی عورت اسے تصور کیا جاتا ہے جو کسی ماں کے بگڑے ہوئے بیٹے کو سدھار دے یا دنیا کے تمام مسائل حل کردے، ایسی عورت کو ہی مثالی سمجھا جاتا ہے۔

ان کے مطابق ہمارے ڈراموں میں روتی ہوئی عورت کو اچھا سمجھا جاتا ہے، جب کہ وہ عورت جو مضبوط ہو، اپنے فیصلے خود کرے اور کسی پر انحصار نہ کرے، اُسے منفی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سوچ میں مرد کا کردار بھی اہم ہے، اگر مرد خود مضبوط ہو تو اس کی بیوی بھی مضبوط ہوتی ہے، لیکن وہ مرد جن کی عزت عورتوں کے پلو، پائنچوں، قمیض کے چاک اور بالوں سے جڑی ہوتی ہے وہ سب سے کمزور مرد ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے مردوں کی عزت وہاں تک محدود ہوتی ہے کہ اگر ان کی بیوی نے شلوار کے بجائے پینٹ پہن لی، تو وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی عزت ختم ہو گئی۔

فضیلہ قاضی نے سوال اٹھایا کہ کیا ایسے مرد کی اپنی کوئی عزت نہیں؟ کیوں اس کی عزت ہمیشہ بیوی یا بہن کے گرد گھومتی ہے؟

اداکارہ نے کہا کہ ایسے مرد گھر کی خواتین کو مسلسل ٹوکتے رہتے ہیں اور گھر سے باہر نکلنے سے پہلے انہیں متعدد ہدایات دیتے ہیں، ان کی خود کی کوئی عزت نہیں ہوتی، تمام ذمے داری عورتوں پر ڈال دی جاتی ہے۔

فضیلہ قاضی نے یہ بھی بتایا کہ ان کی شادی کو تیس سال ہو چکے ہیں، ان کا اپنے شوہر سے ایک دوستانہ رشتہ ہے، لیکن اکثر لوگ اس بات پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں کہ وہ شوہر سے کس انداز میں بات کرتی ہیں، کہتے ہیں کہ شوہر کی عزت کرو اور اس قسم کی تنقید کرنے والی زیادہ تر خواتین ہی ہوتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025