نئے مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج ہوگا
اسٹیٹ بینک آج نئے مالی سال 26-2025 کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا۔
گورنر اسٹیٹ بینک کی زیر صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس ہوگا، کمیٹی معاشی اعداد و شمار کے جائزے کے بعد مانیٹری پالیسی ریٹ کا فیصلہ کرے گی، اسٹیٹ بینک نے شرح سود 11 فیصد پر مقرر کر رکھی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان مالی سال 26-2025 کے لیے مانیٹری پالیسی کے اعلانات کا شیڈول جاری کر چکا ہے، جس کے مطابق رواں مالی سال میں اسٹیٹ بینک 8 بار مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا۔
شیڈول کے مطابق پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج (30 جولائی) کو ہوگا، دوسری مانیٹری پالیسی 15 ستمبر، تیسری 27 اکتوبر اور چوتھی 15 دسمبر کو آئے گی جبکہ پانچویں پالیسی 26 جنوری 2026 اور چھٹی پالیسی 9 مارچ 2026 کو پیش ہوگی۔
ساتویں پالیسی کا اعلان 27 اپریل 2026 اور مالی سال کی آخری پالیسی کا اعلان 15 جون کو ہوگا، پالیسیوں کے ذریعے شرح سود کا تعین ہوگا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جون میں مالی سال 25-2024 کی آخری مانیٹری پالیسی میں شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس سے قبل اسٹیٹ بینک نے 5 مئی کو شرح سود میں 100 بیسس پوائنٹس یا ایک فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد شرح سود 12 فیصد سے کم ہوکر 11 فیصد پر آگئی تھی۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے اپریل شرح سود 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ اس سے قبل 27 جنوری 2025 کو اسٹیٹ بینک نے اگلے 2 ماہ کے لیے شرح سود ایک فیصد کم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد شرح سود 12 فیصد کی سطح پر آگئی تھی۔












لائیو ٹی وی