کمشنر کراچی کا چینی کی گراں فروشی کیخلاف نوٹس، 7 دکانیں سیل، 2 دکاندار گرفتار

شائع July 30, 2025
مارکیٹ میں صارفین کو چینی مہنگے داموں بیچی جارہی تھی۔
— فائل فوٹو: ڈان
مارکیٹ میں صارفین کو چینی مہنگے داموں بیچی جارہی تھی۔ — فائل فوٹو: ڈان

کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی جانب سے چینی کی گراں فروشی کا نوٹس لینے کے بعد 7 دکانیں سیل کردی گئیں، اور 2 گراں فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے چینی کی گراں فروشی کا نوٹس لے لیا، جس کے بعد شہر میں انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے 7 دکانیں سیل کرکے 2 گراں فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

کمشنر کراچی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں 87 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی، اس دوران 10 لاکھ77 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

سید حسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ چینی کے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن سخت کیا جائے، کسی کے ساتھ رعایت نہ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب مقرر کردہ چینی کے نرخوں پر عمل درآمد نہ کرنے والے دکانداروں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔

یاد رہے کہ ایک سال کے دوران ساڑھے 7 لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کیے جانے کے بعد مارکیٹ میں چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا، اور چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پیہنچ گئی تھی۔

حکومت اور شوگر ملز کے درمیان ریٹیل قیمت 173 روپے تک مقرر کرنے پر اتفاق رائے ہوا تھا، تاہم اس کے باوجود مارکیٹ میں صارفین کو چینی مہنگے داموں بیچی جارہی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025