• KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C
  • KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C

بچے اللہ کی نعمت ہیں، بڑھاپے کی انشورنس کے طور پر دیکھنا مناسب نہیں، توثیق حیدر

شائع July 30, 2025
—اسکرین گریب
—اسکرین گریب

سینئر اداکار توثیق حیدر نے کہا ہے کہ بچوں کو اللہ کی نعمت سمجھنا چاہیے، نہ کہ انہیں بڑھاپے کی انشورنس کے طور پر دیکھا جائے۔

توثیق حیدر نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا اور وہیں خدمات انجام دیں، حال ہی میں انہوں نے دوبارہ اداکاری کا آغاز کیا ہے اور وہ ڈراما سیریلز ’کبھی میں کبھی تم‘، ’میم سے محبت‘ اور ’دنیا پور‘ میں نظر آئے ہیں۔

توثیق حیدر حال ہی میں احمد فوزان کے پوڈکاسٹ میں مہمان بنے، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور فیصلوں پر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ اکثر لوگ ان سے بڑھاپے کے حوالے سے سوال کرتے ہیں، چونکہ وہ نہ تو شادی شدہ ہیں اور نہ ہی ان کے بچے ہیں، اس لیے لوگ پوچھتے ہیں کہ وہ بڑھاپے میں کیا کریں گے۔

اداکار کے مطابق صرف اس لیے بچے پیدا کرنا کہ وہ بڑھاپے میں سہارا بنیں گے، ایک خود غرض سوچ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچے اللہ کی طرف سے ایک نعمت ہوتے ہیں، لیکن انہیں بڑھاپے کی انشورنس کے طور پر دیکھنا مناسب نہیں ہے۔

توثیق حیدر نے مزید کہا کہ ان کی زندگی میں ایسے لوگ موجود ہیں جو ضرورت پڑنے پر ان کا خیال رکھیں گے اور ممکن ہے کہ اگر ان کی اپنی اولاد ہوتی تو شاید وہ ان کا خیال نہ رکھتی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے ایسے لوگوں کو بھی دیکھا ہے جن کے بچے اور پوتے پوتیاں تھے، لیکن وہ تنہائی میں دنیا سے رخصت ہوئے۔

اداکار نے کہا کہ بچے بے شک ہونے چاہئیں، لیکن صرف وہی خوشی کا ذریعہ نہیں ہوتے، زندگی میں اور بھی بہت سی خوشیاں ہوتی ہیں۔

توثیق حیدر نے اپنی شادی نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جوانی میں ایک موقع آیا تھا جب معاملات شادی تک پہنچنے والے تھے، لیکن وہ پایۂ تکمیل تک نہیں پہنچ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ 35 برس کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ صرف ایک معاشرتی فرض پورا کرنے کے لیے کسی کو زندگی میں لانے کی ضرورت نہیں۔

توثیق حیدر کا ماننا ہے کہ شادی صرف تب ہونی چاہیے جب آپ کو لگے کہ آپ اس ذمے داری کو اٹھانے کے قابل ہیں۔

اداکار نے یہ بھی کہا کہ فی الحال ان کا شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، لیکن مستقبل کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025